سموگ،ہفتہ میں دو روز چھٹی کا حکم

لاہور(زورآور نیوز ) لاہور ہائیکورٹ نے اسموگ کی صورتحال کے پیش نظر ہفتے میں دو روز ورک فرام ہوم کا حکم دے دیا۔لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے اسموگ کے تدارک کیلئے دائر درخواست پر سماعت کی ۔ جسٹس شاہد کریم نے حکم دیا کہ ہفتے کے روز تمام اسکول اور کالجز بند کر دیں۔عدالت نے چیف سیکرٹری پنجاب اور کمشنر لاہور پر بھی برہمی کا اظہار کیا۔جسٹس شاہد کریم نے ریمارکس دئیے کہ افسران کو توہین عدالت کے نوٹس بھی جاری کر رہا ہوں۔اس سے قبل لاہور ہائیکورٹ کی جانب سے آلودگی پھیلانے والی فیکٹریوں کو سیل کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا تھا کہ جب تک ان کے مالکان بیان حلفی نہیں دیں گے انہیں ڈی سیل نہیں کیا جائے گا ۔ دوران سماعت کمشنر لاہور محمد علی رندھاوا سمیت دیگر افسران عدالت کے روبرو پیش ہوئے تھے۔سماعت کے دوران عدالت نے حکم دیا کہ جو فیکٹریاں کالا دھواں چھوڑ رہی ہیں انہیں سیل کیا جائے اور جب تک ان کے مالکان بیان حلفی نہیں دیں گے انہیں ڈی سیل نہیں کیا جائے گا۔عدالت کی جانب سے حکم دیا گیا کہ بیان حلفی دیں کہ دوبارہ خلاف ورزی ہوئی تو فیکٹری کو گرا دیا جائے گا۔ جسٹس شاہد کریم نے ریمارکس دیئے کہ یہ دو ماہ بہت اہم ہیں، لگتا ہے اب ہم صحیح راستے پر جا رہے ہیں، پی ڈی ایم اے تو سویا ہوا ہے، ہم ان کو جگاتے ہیں، اگر کوئی گاڑی اسموگ کا باعث بن رہی ہے تو اس کی تصویریں بنائیں ، اگلے سال سے ہمیں شروع میں ہی بڑے اقدامات اٹھانے پڑیں گے۔کمشنر لاہور نے بتایا کہ دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف بلا تفریق کارروائی کریں گے ، ہم نے ٹریفک پولیس کو بھی ہدایت کی ہے کہ اسموگ پھیلانے والی گاڑیوں کو بند کیا جائے۔محمد علی رندھاوا نے بتایا کہ ہم نے سائیکلنگ کے رجحان کے لیے کافی اقدامات کیے ہیں، ہم نے ٹیپا سے بات کی ہے کہ سائیکلنگ کے لیے ایک ٹریک بنایا جائے، ہم کوشش کریں گے کہ سائیکلنگ والے افراد کو ہوٹلوں پر چیزیں ڈسکائونٹ سے ملیں۔عدالت نے ہدایت دی کہ آپ پرائیویٹ سیکٹر کو بھی اس میں شامل کریں، ہم ان پانچ ، چھ ماہ میں سائیکلنگ کو دوبارہ شروع کر سکتے ہیں۔

 

 

Comments are closed.