راولپنڈی ( زورآور نیوز) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ میں نے ہمیشہ گیٹ نمبر چار کا ساتھ دیا لیکن اب مجھے نظر لگ گئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق عدالت میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ میرا خیال ہے کیسسز ضرورت سے زیادہ ہی ہو گئے ہیں، چلے کے دوران میرے خلاف ایسے شہروں میں مقدمات درج ہوئے جہاں میں کبھی گیا ہی نہیں، میری درخواست ہے کہ میرے خلاف جو بھی کیس ہے اس کا مجھے پتہ ہو۔سابق وزیر داخلہ نے کہا کہ ہارتا وہ ہے جو ہار مانتا ہے، اللہ سے مدد کی امید ہے کیوں کہ جو ہار نہیں مانتا اللہ اس کی مدد کو آتا ہے، لوگ کہتے ہیں کہ آپ سیاست نہیں کرتے جس دن الیکشن شیڈول آئے گا اس دن ہم ہی سیاست کریں گے، اس وقت کسی کو سمجھ نہیں آ رہی کہ ملکی سیاست کس طرف جارہی ہے۔شیخ رشید احمد نے کہا کہ میں کہتا ہوں الیکشن سیاسی جماعتوں کے درمیان ہونے چاہیئے اداروں اور جماعتوں کے درمیان نہیں، اس کے بعد فیصلہ عوام نے کرنا ہے اور عوام سیاست دانوں سے زیادہ سمجھ دار ہیں، اس وقت پاکستان میں دو ہی لوگ خاموش ہیں یا نواز شریف یا میں ہوں، 21 کو نواز شریف واپس آیا اور 22 کو میں واپس آیا، میں نے ہمیشہ گیٹ نمبر 4 کا ساتھ دیا لیکن مجھے نظر لگ گئی ہے، نواز شریف کو کب نظر لگتی ہے اس کا میں انتظار کروں گا۔بتایا جارہا ہے کہ عدالت نے سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید احمد کی پٹیشن کے تمام اعتراضات ختم کرتے ہوئے نمبر لگا کر فکس کرنے کا حکم دے دیا، ہائی کورٹ راولپنڈی بینچ کے جج جسٹس چودہری عبدالعزیز نے اعتراضات ختم کیے، ہائی کورٹ آفس نے ڈاکومنٹس کی کمی کے اعتراضات کیے تھے جو ختم ہونے کے بعد اب یہ پٹیشن کل منگل 14 نومبر کو سماعت کے لیے مقرر ہونے کا امکان ہے۔
Comments are closed.