خدیجہ شاہ پر منی لانڈرنگ کاالزام،تحقیقات شروع

لاہور ( زورآور نیوز) سوشل میڈیا ایکٹوسٹ خدیجہ شاہ کے خلاف منی لانڈرنگ کے الزام پر تحقیقات شروع کردی گئیںمعلومات کے مطابق 9 مئی کے واقعات کے بعد سے جیل میں قید خدیجہ شاہ کے بینک اکاؤنٹ میں مشکوک ٹرانزیکشن سامنے آئی جس کی بناء پر قومی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے نے سوشل میڈیا ایکٹوسٹ کے خلاف اینٹی منی لانڈرنگ ایکٹ کے تحت انکوئری کا اغازکر دیا۔ذرائع ایف آئی اے کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ ایف آئی اے کی جانب سے بینک اکاؤنٹ کی تفصیلات کی فراہمی کے لیے متعلقہ محکموں کو خطوط ارسال کیے گئے ہیں، تمام ریکارڈ آنے کے بعد خدیجہ شاہ سے پوچھ گچھ شروع کی جائے گی، اس معاملے پر خدیجہ شاہ سے جیل میں انویسٹی گیشن کی جائےگی جہاں ان سے بینک اکاؤنٹ سے ہونے والی بیرون ملک ٹرانزیکشن کے حوالے بھی سوالات ہوں گے۔ادھر لاہور ہائی کورٹ میں خدیجہ شاہ نظر بندی کیس اور توہین عدالت کی درخواستوں پر الگ الگ سماعت ہوئی، جسٹس علی باقر نجفی نے جہانزیب امین اور خدیجہ شاہ کی درخواستوں پر سماعت کی جہاں خدیجہ شاہ کے شوہر جہانزیب امین نے خدیجہ شاہ کی نظر بندی کو چیلنج کر رکھا ہے، عدالت نے دونوں درخواستوں پر سماعت 5 دسمبر تک ملتوی کردی، عدالت نے نظر بندی کے خلاف صوبائی کابینہ کے فیصلے کی رپورٹ طلب کرلی۔اس سے قبل عدالت نے خدیجہ شاہ کی نظربندی کے خلاف درخواست پر حکومت کو فیصلہ کرنے کی ہدایت کی تھی، عدالت نے درخواست پر نظرثانی کا فیصلہ کرکے آگاہ کرنے کا حکم دیا، عدالت نے جیل میں خدیجہ شاہ سے اس کے شوہر اور بچوں کی ملاقات کا حکم بھی دیا ہے کہ سرکاری وکیل ملاقات کرا کے آگاہ کریں۔ سرکاری وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ’وزیراعلیٰ نے سمری منظور کرلی یہ معاملہ صوبائی کابینہ میں پیش کیا جائے گا‘، جس پر درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ’خدیجہ شاہ سے ان کے بچوں کو ملنے نہیں دیا جا رہا‘، اس پر سرکاری وکیل نے کہا کہ ’بچوں اور والد سے ماں کی ملاقات کے لیے جیل حکام سے بات کروں گا‘۔

 

Comments are closed.