جعلی آرمی آفیسر بن کر شادی رچانے والا شخص عین نکاح کے وقت رنگے ہاتھوں گرفتار

جعلی آرمی آفیسر بن کر شادی رچانے والا شخص عین نکاح کے وقت رنگے ہاتھوں گرفتار

بوربالا

بور بالا میں نکاح کی تقریب اس وقت تماشہ بن گئی جب دلہا بن کر آنے والا شخص جعلی نکلا۔ فراکٹ بٹ نامی شخص نے خود کو گجر خان کا رہائشی اور پاک فوج میں میجر ظاہر کر کے ایک شادی شدہ خاتون کو طلاق دلوا کر اس سے رشتہ طے کیا۔ نکاح کے وقت جب اس سے قومی شناختی کارڈ اور والدین کی موجودگی کا تقاضا کیا گیا تو اس نے بہانے بازی شروع کر دی جس پر شک گہرا ہو گیا۔

مزید چھان بین پر انکشاف ہوا کہ ملزم دراصل بور بالا کا ہی رہائشی ہے اور پہلے سے شادی شدہ ہونے کے ساتھ ساتھ دو بچوں کا باپ بھی ہے۔ اہلِ گاؤں نے موقع پر ہی فراکٹ بٹ کو دھر لیا اور بھرپور چھترول کے بعد اسے پولیس کے حوالے کر دیا۔ واقعے کے بعد ملزم کے والدین اور اس کی موجودہ بیوی نے بھی اس کے خلاف ایف آئی آر کے لیے رضامندی ظاہر کر دی۔

نکاح کے لیے تیار کی گئی دیگیں تو پکی رہ گئیں لیکن جعلی میجر کی پٹائی علاقے میں دیر تک موضوعِ گفتگو بنی رہی۔ مقامی افراد کا کہنا ہے کہ ایسے فراڈیوں کے خلاف سخت کارروائی ہونی چاہیے تاکہ مستقبل میں کوئی اور اس طرح کے جھوٹے دعوے کر کے معصوم لوگوں کو دھوکہ نہ دے۔

Comments are closed.