لاہور شاہدرہ میں ڈکیتی کرنے والا پولیس اہلکار بے نقاب ، سب انسپکٹر عمار گرفتار

لاہور شاہدرہ میں ڈکیتی کرنے والا پولیس اہلکار بے نقاب ، سب انسپکٹر عمار گرفتار

لاہور

 لاہور کے علاقے شاہدرہ میں ڈکیتی کی واردات کرنے والا پولیس اہلکار گرفتار کر لیا گیا۔ ذرائع کے مطابق گرفتار ملزم کی شناخت سب انسپکٹر عمار کے نام سے ہوئی ہے جو نیو انارکلی آپریشن ونگ میں تعینات تھا۔

تفصیلات کے مطابق سب انسپیکٹر عمار نے شاہدرہ کے علاقے میں ایک شہری کو روک کر اس سے نقدی اور قیمتی سامان لوٹ لیا۔ واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج منظرِ عام پر آنے کے بعد پولیس حکام نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو حراست میں لے لیا۔

پولیس ذرائع کے مطابق ملزم کو مزید تفتیش کے لیے سی سی ڈی (کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ) کے حوالے کر دیا گیا ہے، جہاں اس سے ابتدائی تحقیقات جاری ہیں۔

فوٹیج میں واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے کہ پولیس وردی میں ملبوس سب انسپیکٹر عمار شہری سے زبردستی رقم اور دیگر اشیاء چھین رہا ہے۔

پولیس کے اعلیٰ حکام نے واقعے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے کہا ہے کہ محکمہ پولیس میں وردی کی آڑ میں جرم کرنے والوں کے لیے کوئی رعایت نہیں ہوگی۔

ذرائع کے مطابق مزید تحقیقات کے دوران اس بات کا جائزہ لیا جا رہا ہے کہ آیا ملزم کسی گروہ یا دیگر اہلکاروں کے ساتھ مل کر اس طرح کی وارداتوں میں ملوث تو نہیں رہا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ قانون سب کے لیے برابر ہے اور ایسے عناصر کی محکمہ میں کوئی جگہ نہیں۔

Comments are closed.