قومی اسمبلی میں سابق وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو کو “قومی شہید” قرار دینے کی قرارداد پیش

قومی اسمبلی میں سابق وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو کو “قومی شہید” قرار دینے کی قرارداد پیش

اسلام آباد

شمشاد مانگٹ

قومی اسمبلی میں سابق وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو کو “قومی شہید” قرار دینے کی قرارداد پیش کر دی گئی۔ یہ قرارداد پاکستان پیپلز پارٹی کے ارکانِ قومی اسمبلی کی جانب سے پیش کی گئی۔

قرارداد کے متن کے مطابق ذوالفقار علی بھٹو نے جمہوریت، قومی یکجہتی اور عوامی حقوق کے لیے اپنی جان قربان کی۔ قرارداد میں کہا گیا کہ 4 اپریل 1979 کو بھٹو کو ایک متنازع عدالتی عمل کے تحت پھانسی دی گئی، جو انصاف کے تقاضوں کے منافی تھا۔

قرارداد میں یہ نکتہ بھی شامل کیا گیا کہ سپریم کورٹ نے حال ہی میں اپنے فیصلے میں تسلیم کیا کہ ذوالفقار علی بھٹو کو منصفانہ ٹرائل نہیں ملا، لہٰذا پارلیمان اس تاریخی ناانصافی کو درست کرنے کے لیے انہیں قومی سطح پر شہید تسلیم کرے۔

قرارداد میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ وفاقی حکومت ذوالفقار علی بھٹو کو “قومی شہید” قرار دینے کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کرے، اور ان کی خدمات کو تعلیمی نصاب اور قومی ریکارڈ میں شامل کیا جائے تاکہ نئی نسل کو ان کے کردار اور قربانیوں سے آگاہ کیا جا سکے۔

قرارداد میں مزید کہا گیا کہ ذوالفقار علی بھٹو نے پاکستان کو ایٹمی پروگرام، 1973 کا آئین اور خودمختار خارجہ پالیسی جیسے تاریخی تحفے دیے، جو آج بھی قومی وحدت اور خودمختاری کی بنیاد ہیں۔

قرارداد پر بحث آئندہ اجلاس میں متوقع ہے، جبکہ پیپلز پارٹی کے ارکان نے امید ظاہر کی ہے کہ تمام سیاسی جماعتیں بھٹو کی قومی خدمات کو تسلیم کرتے ہوئے اس قرارداد کی حمایت کریں گی۔

Comments are closed.