اسلام آباد میں ٹریفک پولیس پر تشدد اور ہلڑبازی کرنے والا نوجوان گرفتار

اسلام آباد میں ٹریفک پولیس پر تشدد اور ہلڑبازی کرنے والا نوجوان گرفتار

اسلام آباد

شمشاد مانگٹ

وفاقی دارالحکومت میں ٹریفک پولیس اہلکاروں پر تشدد اور ہلڑبازی کرنے والے نوجوان کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔ ملزم کی شناخت عاقب نعیم کے نام سے ہوئی ہے، جو ماضی میں بھی ایک صحافی پر تشدد کے واقعے میں ملوث رہا ہے۔

پولیس ذرائع کے مطابق، گزشتہ رات آئی-8 مرکز میں عاقب نعیم نے ٹریفک پولیس اہلکاروں کے ساتھ بدتمیزی، ہنگامہ آرائی اور تشدد کیا۔
عینی شاہدین نے بتایا کہ ملزم نے پولیس اہلکاروں کو گالیاں دیں، سنگین دھمکیاں دیں اور ایک اہلکار کو تھپڑ بھی رسید کیا۔ واقعے کی ویڈیوز بھی مبینہ طور پر شہریوں نے اپنے موبائل فون سے بنائیں، جو سوشل میڈیا پر گردش کر رہی ہیں۔

پولیس کے مطابق، واقعے کے بعد فوری کارروائی کرتے ہوئے تھانہ آئی-9 کے اہلکاروں نے عاقب نعیم کو گاڑی سمیت گرفتار کرکے تھانے منتقل کردیا۔ ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی گئی ہے۔

مزید انکشاف ہوا ہے کہ عاقب نعیم اس سے قبل پی ڈبلیو ڈی ہاؤسنگ سوسائٹی میں بھی ایک صحافی پر حملہ کرچکا ہے۔ متاثرہ صحافی نے اس واقعے کے خلاف تھانہ لوہی بھیر میں پہلے ہی درخواست دے رکھی ہے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزم کے رویے اور سابقہ ریکارڈ کی روشنی میں اس کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی تاکہ آئندہ کوئی شہری قانون نافذ کرنے والے اداروں پر ہاتھ نہ اٹھا سکے۔

Comments are closed.