ضلعی انتظامیہ کی ملازمین کو سرکاری طے شدہ رقم سے کم اجرت دینے والوں کے خلاف کاروائیاں

ضلعی انتظامیہ کی ملازمین کو سرکاری طے شدہ رقم سے کم اجرت دینے والوں کے خلاف کاروائیاں

اسلام آباد

شمشاد مانگٹ

ضلعی انتظامیہ نے حکومت کی طے شدہ 37 ہزار روپے ماہوار تنخواہ سے کم اجرت دینے والے اداروں کے خلاف سخت کارروائیاں شروع کر دی ہیں۔ اس سلسلے میں اے سی صدر اور متعلقہ لیبر آفیسر کے زیرِ قیادت کارروائیاں کی گئیں، جن میں مختلف مقامات پر اداروں کی خلاف ورزیاں سامنے آئیں۔

اس حوالے سے مختلف علاقوں میں کارروائیاں اور اقدامات کئے گئے جن میں  ترنول اور 26 نمبر کے مقام پر دو پیٹرول پمپس کو سیل کر دیا گیا کیونکہ ان اداروں میں ملازمین کو حکومتی طے شدہ اجرت سے کم تنخواہ دی جا رہی تھی۔

پیٹرول پمپس پر لیبر ڈیپارٹمنٹ کی دیگر ایس او پیز کی خلاف ورزی بھی رپورٹ کی گئی، جس میں ملازمین کی صحت و تحفظ سے متعلق حکومتی ہدایات کی پامالی کی نشاندہی ہوئی۔

سرائے خربوزہ کے ایریا میں ایک نجی فوڈ مینوفیکچرنگ کمپنی کو ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے کے لیے ایک ہفتے کی مہلت دی گئی ہے۔ بصورت دیگر، کمپنی کی فیکٹری سیل کر دی جائے گی اور انتظامیہ کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔

اس کارروائی کا مقصد حکومت کی طرف سے طے شدہ اجرتوں کی پاسداری کو یقینی بنانا اور ملازمین کے حقوق کا تحفظ کرنا ہے۔ ضلعی انتظامیہ نے واضح کیا کہ ایسے اداروں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی جو اپنے ملازمین کو قانونی اجرت ادا نہیں کر رہے ہیں۔

ضلعی انتظامیہ نے مزید کہا کہ آئندہ بھی اس نوعیت کی خلاف ورزیوں کو نظر انداز نہیں کیا جائے گا اور حکومتی اجرتوں کے نفاذ کو یقینی بنانے کے لیے مسلسل نگرانی کی جائے گی۔ اس کے علاوہ، تمام اداروں کو حکومت کی طرف سے جاری کردہ ایس او پیز پر عمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ تمام کارکنوں کو مناسب حقوق اور مراعات حاصل ہوں۔

Comments are closed.