کے الیکٹرک کے تمام دعوے جھوٹے ثابت ، کراچی  کے بیشتر علاقوں میں 36 گھنٹے سے بجلی بند

کراچی میں آج ایک بار پھر بارش کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے، تاہم متعدد علاقے گزشتہ روز سے بجلی سے محروم ہیں، اور شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔

گلستان جوہر بلاک 7، 18،13،8، گلشن اقبال کے متعدد بلاکس، کورنگی کے کم و بیش سارے علاقے،محمودآباد، منظور کالونی میں تاحال بجلی بحال نہیں ہوسکی۔

اسی طرح اخترکالونی، ڈیفنس ویو، گذری، ملیر عالمگیر سوسائٹی، کھوکھرا پار کے مختلف علاقوں سمیت شہر کے مختلف علاقوں میں گزشتہ روز سے ہی بجلی معطل ہے۔

دوسری جانب کے الیکٹرک نے مختلف علاقوں میں بجلی بحال کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

کے الیکٹرک کے ترجمان عمران رانا نے کہا کہ جیسے ہی فیلڈ ٹیموں سے حفاظتی کلیئرنس ملے گی اور جمع شدہ بارش کا پانی کم ہوگا، متاثرہ علاقوں میں بجلی کی فراہمی بحال کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔

کے الیکٹرک کے مطابق جن علاقوں میں بجلی بحال ہو گئی ہے ان میں نارتھ ناظم آباد بلاک L اور M، عسکری 5، ملیر کینٹ سیکٹر J، اورنگی ٹاؤن، شمسی کالونی، فیروز شاہ کالونی، بنگلہ بازار، سیکٹرز 14-A، B، C، D، E اور F؛ پاک کالونی، فیڈرل بی ایریا بلاک 10، 11 اور 14، سرحد کالونی شامل ہیں۔

مزید جن علاقوں میں بجلی بحال ہو گئی ہے ان میں بدر کمرشل کی اسٹریٹ نمبر 2، 6، 9 اور 12، زمزمہ کمرشل، اعظم بستی، ڈی ایچ اے فیز 5، کلفٹن بلاک 2 اور 9، گلستانِ جوہر بلاک 15 اور 17، سٹی ریلوے کالونی، ڈیفنس، دھوراجی، سی پی بیرار، فاران سوسائٹی، زمزمہ کمرشل، اور اعظم بستی شامل ہیں۔

علاوہ ازیں کراچی کے مختلف علاقوں سے شہریوں کی جانب سے موصول ہونے والی شکایات میں شدید غصے کا اظہار کیا گیا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ کے الیکٹرک کی ہیلپ لائن پر ریکارڈنگ چل رہی ہے، کوئی نمائندہ موجود نہیں جو ہماری شکایات سن سکے جبکہ متعدد صارفین نے کے الیکٹرک کی موبائل ایپلی کیشن بھی نہ چلنے کا بتایا ہے۔

شہریوں کے مطابق کے ای لائیو ایپلیکیشن پر بجلی بندش کا دورانیہ متعین گھنٹے دکھایا جاتا ہے پھر جب وہ دورانیہ مکمل ہو جاتا ہے تو دورانیہ مزید بڑھا دیا جاتا ہے۔

اس کے علاوہ متعدد علاقوں میں بجلی بحال ہونے کے بعد وولٹیج کم آنے کی بھی شکایات موصول ہورہی ہیں۔

Comments are closed.