مظفرآباد میں آل پارٹیز کانفرنس ، بھارت کی سازشوں کا ڈٹ کر مقابلہ کرنے اور 21 ستمبر سے عوامی رابطہ مہم شروع کرنے کا اعلان

مظفرآباد میں آل پارٹیز کانفرنس ، بھارت کی سازشوں کا ڈٹ کر مقابلہ کرنے اور 21 ستمبر سے عوامی رابطہ مہم شروع کرنے کا اعلان

تحریک آزادی کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کا عزم، بھارتی مداخلت پر شدید ردعمل، سیاسی قیادت کا یکجہتی کا مظاہرہ، کسی بھی غیر آئینی پریشر گروپ کو تسلیم نہ کرنے کا اعلان

مظفرآباد

ولی الرحمن

آزاد جموں و کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد میں آل پارٹیز کانفرنس منعقد ہوئی جس میں تمام بڑی سیاسی جماعتوں نے شرکت کی۔ کانفرنس میں آزاد کشمیر کی موجودہ صورتحال، بھارت کی مداخلت، اندرونی استحکام اور تحریک آزادی کشمیر پر مشاورت کی گئی۔

سیاسی قیادت نے 21 ستمبر سے افواج پاکستان سے یکجہتی کے لیے عوامی رابطہ مہم چلانے کا متفقہ فیصلہ کیا۔ کانفرنس کے بعد جاری اعلامیہ میں کہا گیا کہ معرکۂ حق میں فتح سے تحریک آزادی کشمیر کو نئی طاقت ملی ہے اور مسئلہ کشمیر عالمی سطح پر مؤثر انداز میں اجاگر ہوا ہے۔

اعلامیہ کے مطابق معرکۂ حق کی کامیابی کے بعد بھارت شدید بوکھلاہٹ کا شکار ہے اور آزاد کشمیر کے حالات خراب کرنے کی سازشوں میں ملوث ہے جن کا ہر سطح پر ڈٹ کر مقابلہ کیا جائے گا۔

اعلامیے میں واضح کیا گیا کہ آزاد کشمیر کے عوام اور سیاسی قیادت کسی بھی غیر ریاستی یا غیر آئینی پریشر گروپ کو عوامی فیصلوں پر اثر انداز ہونے کی اجازت نہیں دے گی اور صرف عوامی مینڈیٹ رکھنے والے ادارے ہی فیصلے کرنے کے مجاز ہوں گے۔

کانفرنس میں وزیر اعظم آزاد کشمیر چوہدری انوار الحق نے کہا کہ دشمن قوتیں آزاد کشمیر کے امن کو نقصان پہنچانا چاہتی ہیں لیکن ہم تمام اداروں کے ساتھ مل کر ہر سازش کو ناکام بنائیں گے اور افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔

صدر مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر نے کہا کہ بھارت تحریک آزادی کو دبانے میں ناکام ہو چکا ہے اور اب آزاد کشمیر میں خلفشار پھیلانے کی کوشش کر رہا ہے، لیکن ہم کشمیری قوم کو تقسیم نہیں ہونے دیں گے۔

صدر پیپلز پارٹی آزاد کشمیر چوہدری یاسین نے کہا کہ ہم کسی غیر آئینی قوت کو عوامی فیصلوں پر اثر انداز نہیں ہونے دیں گے، افواج پاکستان ہماری بقاء اور سلامتی کی علامت ہیں۔

امیر جماعت اسلامی آزاد کشمیر ڈاکٹر خالد محمود نے کہا کہ یہ وقت سیاسی اتحاد کا ہے، ہم اپنے نظریاتی اختلافات کو ایک طرف رکھ کر کشمیری عوام کے حق میں یکجہتی کا مظاہرہ کریں گے۔

مسلم کانفرنس کے رہنما سردار عتیق احمد خان نے کہا کہ بھارت ذہنی جنگ میں ناکام ہو کر اب سازشوں کا سہارا لے رہا ہے لیکن کشمیری قوم نظریاتی جنگ جیتنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

اعلامیہ میں کہا گیا کہ بھارت کی جانب سے آزاد کشمیر میں عدم استحکام پیدا کرنے کی سازشوں کو بے نقاب کر کے ناکام بنایا جائے گا، اور پوری کشمیری قوم تحریک آزادی کشمیر کے ساتھ ہے۔

تمام جماعتوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ 21 ستمبر سے شروع ہونے والی عوامی رابطہ مہم نہ صرف افواج پاکستان سے یکجہتی کی علامت ہو گی بلکہ یہ عالمی برادری کو بھی ایک واضح پیغام دے گی کہ کشمیری عوام تقسیم نہیں، متحد ہیں اور اپنے حق خودارادیت کے لیے پرعزم ہیں۔

Comments are closed.