الطاف احمد بٹ کی درگاہ حضرت بل میں اشوکا نشان کی تنصیب پر شدید مذمت

الطاف احمد بٹ کی درگاہ حضرت بل  میں اشوکا نشان کی تنصیب پر شدید مذمت

اسلام آباد

شمشاد مانگٹ

سینئر حریت رہنما اور چیئرمین جموں و کشمیر سالویشن موومنٹ الطاف احمد بٹ نے سرینگر کی عظیم الشان اور مقدس حضرت بل درگاہ میں اشوکا نشان کی تنصیب کو سخت ترین الفاظ میں مسترد کرتے ہوئے اسے کشمیری مسلمانوں کے مذہبی جذبات مجروح کرنے کی دانستہ کوشش قرار دیا ہے ۔

الطاف احمد بٹ نے کہا کہ حضرت بل درگاہ محض ایک تاریخی ورثہ نہیں بلکہ پوری کشمیری قوم کے لیے عقیدت و ایمان کا مرکز ہے، جہاں نبی کریم ﷺ کا موئے مبارک بطور متبرک محفوظ ہے۔ ایسے مقام پر کسی قومی مجسم علامت کی تنصیب اسلامی تعلیمات اور عقیدۂ توحید کے سراسر منافی ہے ۔

انہوں نے کشمیری عوام کے جذبۂ ایمانی کو سراہتے ہوئے کہا کہ عوام نے بروقت اور جرات مندانہ اقدام اٹھا کر اس نامناسب نشان کو ہٹا دیا، جو دراصل اپنی دینی غیرت اور تہذیبی تشخص کے تحفظ کی روشن دلیل ہے ۔

الطاف احمد بٹ نے وقف بورڈ کے طرزِ عمل پر بھی کڑی تنقید کی اور کہا کہ ایسے فیصلے مذہبی تقاضوں کے بجائے سیاسی عزائم کے تحت کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ مزارات، مساجد اور دینی مراکز کی تقدیس کو مسخ کرنے کی ہر کوشش کشمیری عوام کے پختہ عزم اور اجتماعی مزاحمت سے ناکام بنا دی جائے گی ۔

الطاف احمد بٹ نے اپنے بیان کے اختتام پر کہا: ہمارے مقدس مقامات عبادت، روحانیت اور سکونِ قلب کے مراکز ہیں۔ انہیں کسی سیاسی نمائش یا قومی علامت کے لیے استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ کشمیری عوام اپنے ورثے اور ایمان کے تحفظ کے لیے ہر قربانی دینے کو تیار ہیں ۔

Comments are closed.