پی ٹی آئی کے خلاف الیکشن کمیشن میں اور درخواست دائر

اسلام آباد (زورآور نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے خلاف غیرملکی فنڈنگ کی نئی درخواست پر الیکشن کمیشن نے درخواست گزار کو ثبوت جمع کروانے کیلئے 3 ہفتوں کی مہلت دے دی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق الیکشن کمیشن میں تحریک انصاف کے خلاف غیرملکی فنڈنگ کی نئی درخواست پر ابتدائی سماعت ہوئی، جہاں وکیل درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ ’پی ٹی آئی کو ابھی بھی غیر ملکی اداروں سے فنڈنگ مل رہی ہے‘ جس پر چیف الیکشن کمشنر نے استفسار کیا کہ ’آپ کے پاس کیا شواہد ہیں کہ پی ٹی آئی کو غیرملکی فنڈنگ ہورہی ہے؟‘ درخواست میں بھی پرانے قانون کا حوالہ دیا گیا‘ اس کے جواب میں وکیل درخواست گزار نے کہا کہ ’الیکشن کمیشن شواہد اکٹھے کرنے کےلئے وقت دے، آپ اس کی خود انکوائری کراسکتے ہیں‘ اس پر چیف الیکشن کمشنر نے ریمارکس دیئے کہ ’آپ کی خواہش پر انکوائری نہیں کرسکتے‘ بعد ازاں الیکشن کمیشن نے درخواست گزار کو ثبوت جمع کروانے کے لیے 3 ہفتوں کی مہلت دے دی اور کیس کی سماعت یکم نومبر تک ملتوی کردی گئی۔گزشتہ ماہ الیکشن کمیشن نے غیر ملکی فنڈنگ کیس میں پی ٹی آئی کو شوکاز نوٹس کا حتمی جواب جمع کرانے کی ہدایت کی تھی، اس حوالے سے الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی غیر ملکی فنڈنگ ضبطگی کیس کا حکمنامہ جاری کیا، حکمنامہ چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کے دستخط سے جاری کیا گیا۔ حکمنامے میں کہا گیا کہ پی ٹی آئی کو انصاف کے تقاضوں کے تحت تفصیلی جواب جمع کرانے کی اجازت دی جاتی ہے، پی ٹی آئی 50 ہزار روپے ڈپٹی ڈائریکٹر لاء الیکشن کمیشن کے دفتر میں جمع کرائے، یہ رقم یتیم خانے کو دے دی جائے گی، حتمی جواب جمع نہ کرانے کی صورت میں الیکشن کمیشن کیس نمٹا دے گا اور الیکشن کمیشن دستیاب ریکارڈ کی بنیاد پر حتمی فیصلہ جاری کر دے گا۔

Comments are closed.