قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کی تقرری: محمود خان اچکزئی باضابطہ اپوزیشن لیڈر نامزد 

قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کی تقرری: محمود خان اچکزئی باضابطہ اپوزیشن لیڈر نامزد 

اسلام آباد

شمشاد مانگٹ

قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کی تقرری کے معاملے میں اہم پیشرفت ہوئی ہے، جب اپوزیشن نے محمود خان اچکزئی کو باضابطہ طور پر اپوزیشن لیڈر نامزد کر دیا ۔ اپوزیشن کی جانب سے اس نامزدگی کی درخواست سیکرٹری قومی اسمبلی مشتاق کے دفتر میں جمع کرا دی گئی ہے، جس میں اپوزیشن کے اہم رہنماؤں، جیسے چیف وہپ عامر ڈوگر، سابق اسپیکر اسد قیصر، اور دیگر اراکین نے اپنے دستخط کیے ہیں۔

ذرائع کے مطابق اپوزیشن کے 74 ارکان نے محمود خان اچکزئی کے نام کی توثیق کی ہے، جبکہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے تین ارکان ملک سے باہر ہونے کے باعث دستخط کرنے سے قاصر رہے۔ ان ارکان میں علی افضل ساہی، صاحبزادہ محبوب سلطان اور عمر فاروق شامل ہیں، جن کے دستخط نامزدگی فارم پر نہیں ہیں۔

اسپیشل سیکرٹری قومی اسمبلی نے اپوزیشن کی جانب سے جمع کرائی گئی درخواست موصول کر لی ہے اور ایڈوائزر آفس نے اس درخواست کو باضابطہ طور پر ڈائری نمبر الاٹ کر دیا ہے، جس کے بعد اس پر کارروائی شروع کی جائے گی۔

محمود خان اچکزئی کی نامزدگی کی اس درخواست کے بعد سیاسی حلقوں میں اس بات پر تبصرے جاری ہیں کہ یہ تقرری قومی اسمبلی میں اپوزیشن کی طرف سے ایک اہم قدم ہے اور اس کا مستقبل کی سیاسی حکمت عملی پر گہرا اثر پڑ سکتا ہے۔

Comments are closed.