ایشیا کپ 2025 کی ٹرافی دبئی میں رونمائی، تمام ٹیموں کے کپتانوں کی شرکت

ایشیا کپ 2025 کی ٹرافی دبئی میں رونمائی، تمام ٹیموں کے کپتانوں کی شرکت

پاک بھارت کپتانوں کی مصافحہ بازی مرکزِ نگاہ، کپتانوں کے دلیرانہ عزائم سامنے آ گئے

دبئی

ایشیا کپ 2025 کی ٹرافی کی دبئی میں شاندار تقریب کے دوران رونمائی کر دی گئی، جس میں تمام ٹیموں کے کپتان شریک ہوئے۔ اس موقع پر پاکستان اور بھارت کے کپتانوں کی مصافحہ بازی اور ایک دوسرے سے نظروں کا ملاپ تقریب کا مرکز نگاہ رہا۔

تقریب کے دوران ایشین کرکٹ کونسل کے صدر محسن نقوی نے ٹرافی کی رونمائی کی جبکہ پریس کانفرنس میں کپتانوں نے صحافیوں کے سوالات کے جواب دیئے۔ کپتانوں کی باڈی لینگویج اور مسکراہٹیں میڈیا کی توجہ کا مرکز بنیں۔

قومی کپتان سلمان علی آغا نے کہا کہ ٹیم ایشیا کپ کے لیے مکمل تیار ہے، یہ ایک بڑا امتحان ہے جسے پورے اعتماد کے ساتھ قبول کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنی خامیوں اور مسائل کا علم ہے لیکن ٹیم ورک سے اچھا پرفارم کریں گے۔ پاک بھارت میچ پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کوئی خاص ہدایت نہیں، بس اپنی گیم پر فوکس کریں گے، دبئی کی کنڈیشنز کا تجربہ ہمارے کام آئے گا۔

بھارتی کپتان سوریا کمار یادیو نے کہا کہ ہم بھی پرجوش ہیں، اس فارمیٹ میں کوئی بھی ٹیم غیر معمولی کھیل پیش کر سکتی ہے۔ افغانستان کے کپتان راشد خان نے کہا کہ ہم سخت محنت کریں گے اور اپنا سو فیصد دیں گے، بڑے ٹورنامنٹس میں جیت ہماری خواہش ہے۔

یو اے ای کے کپتان محمد وسیم کا کہنا تھا کہ بڑے کھلاڑیوں کے ساتھ کھیلنے سے بہت فائدہ ہوا ہے، ایشیا کپ میں پاکستان ہو یا بھارت، ہر میچ میں اچھا پرفارم کرنے کی کوشش کریں گے۔ عمان کے کپتان نے کہا کہ پہلی بار ایشیا کپ کھیلنا ہمارے لیے تاریخی لمحہ ہے اور اچھی تیاری کے ساتھ اعتماد بھی بڑھا ہے۔

بنگلا دیشی کپتان نے کہا کہ گزشتہ سیریز میں کامیابی نے ٹیم کو اعتماد دیا ہے، ایشیا کپ میں تمام ٹیمیں مضبوط ہیں اور آگے بڑھنے کے لیے بہترین کھیلنا ہوگا۔

Comments are closed.