رانا ثناء اللہ کے گھر پر حملہ ،مقدمہ میں عمران خان نامزد

فیصل آباد ( زورآور نیوز) نو مئی کوسابق وفاقی وزیر داخلہ کے گھر پر حملے کے مقدمے میں پی ٹی آئی کے چیئر مین عمران خان کو بھی نامزد کر دیا گیا۔ پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان کے ساتھ ساتھ مقامی قیادت بھی اس مقدمہ میں نامزد کی گئی ہے۔نو مئی کو سابق وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللّٰہ کے گھر پر حملہ کیا گیا تھا۔ دوسری جانب لاہور پولیس نے رات بھر کریک ڈائون کرتے ہوئے سانحہ نو مئی میں ملوث پچاس سے زائد افراد کو گرفتار کرلیا۔پولیس کے مطابق گرفتار افراد 9 مئی کو جناح ہائوس و دیگر حساس تنصیبات پر حملوں میں ملوث ہیں۔ نئی تیار کردہ فہرستوں کے مطابق کارکنوں کی گرفتاری کی گئی۔ملزمان کی گرفتاری کے لیے گھروں سمیت مختلف ٹھکانوں پر چھاپے مارے گئے۔گرفتار افراد کے کوائف حاصل کرکے قانونی کارروائی کی جارہی ہے۔پولیس نے وضاحت کی کہ پیشہ ورانہ فرائض کی انجام دہی کے لیے 9مئی کو وقوعہ پر موجود صحافی اور پولیس اہلکار کے نام بھی فہرستوں میں شامل تھے۔ڈیوٹی دینے والے اہلکاروں اور صحافیوں کے نام فہرست سے نکالے جائیں گے۔ علاوہ ازیں انسدادِ دہشت گردی عدالت کے جج ارشد جاوید نے نو مئی جلائو گھیرائو مقدمات میںاسد عمر اورچیئرمین پی ٹی آئی کی دونوں بہنوں کی عبوری ضمانتوں پر تمام ملزمان کو شامل تفتیش ہونے کا حکم دے دیا،عدالت نے ملزمان کی ضمانتوں میں 22 نومبر تک توسیع کردی، تفتیشی افسر نے موقف اپنایا کہ ہمیں ملزمان کی گرفتاری مطلوب ہے،دو دو ماہ سے عبوری ضمانتیں چل رہی ہیں، ملزمان تفتیشی افسر اور جے آئی ٹی کے سامنے پیش نہیں ہورہے، ادھر آ کر غلط بیانی کی جارہی ہے کہ ملزمان تفتیش جوائن کرنے گے ہیں تفتیشی افسر نہیں ملا، وکیل ملزمان برہان معظم نے کہا کہ اسد عمر اور دونوں بہنوں پر کیا الزامات ہیں وہ ہمیں بتائیں، ہمیں پتہ ہے انہوں نے سب ملزمان کو قصور وار لکھا ہوا ہے وکیل شامل تفتیش ہوکر بھی انہوں نے وہی کرنا ہے۔

 

Comments are closed.