سیاسی درجہ حرارت میں کمی کی کوشش ، سابق پی ٹی آئی رہنما مختلف جماعتوں سے رابطوں میں مصروف
اسلام آباد
شمشاد مانگٹ
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سابق رہنما فواد چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان کے موجودہ سیاسی حالات میں سب سے اہم یہ ہے کہ سیاسی درجہ حرارت نیچے لایا جائے اور وہ اس وقت تک کم نہیں ہو سکتا جب تک دونوں سائیڈ یہ فیصلہ نہ کریں کہ انہوں نے ایک قدم پیچھے ہٹنا اور ایک نے قدم بڑھانا ہے۔
سماجی رابطے کی سائٹ ’ایکس‘ پر جاری بیان میں میں سابق پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ حکومت کو ایک قدم بڑھانا اور پی ٹی آئی نے ایک قدم پیچھے ہٹنا ہے، تاکہ ان دونوں کو جگہ مل سکے، پاکستان نے جو موجودہ بین الاقوامی کامیابیاں حاصل کیں، سیاسی درجہ حرارت زیادہ ہونے کی وجہ سے اس کا فائدہ حاصل نہیں ہو سکا۔
لہذا جب تک یہ درجہ حرارت کم نہیں ہوتا، اُس وقت تک پاکستان میں معاشی ترقی اور سیاسی استحکام نہیں آسکتا۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت ہماری کوشش ہے کہ ایک ایسا ماحول بنایا جاسکے، جس میں کم از کم بات چیت کا راستہ کھولا جا سکے، پی ٹی آئی کے سینئر رہنما شاہ محمود قریشی، اعجاز چوہدری اور باقی دوستوں کے سامنے دوران ملاقات اپنا یہی نقطہ نظر رکھا اور ہمیں خوشی ہے کہ وہ بھی اسی نقطہ نظرکے حامی ہیں، وہ سمجھتے ہیں کہ پاکستان میں سیاسی درجہ حرارت نیچے ہونا چاہیے۔
سابق وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ حکومت کے ساتھ بھی بات چیت کرنا چاہتے ہیں، آئند ہفتے مسلم لیگ (ن) کے سینئر وزرا سے ملاقات ہوئی اور مولانا فضل الرحمٰن سے بھی ملاقات ہوگی، ہم اُن کے سامنے بھی یہ بات رکھنا چاہتے ہیں کہ پاکستان کے اندر اس وقت سیاسی ماحول کو بہتر کرنے کی ضرورت ہے۔
فواد چوہدری نے مزید کہا کہ مجھے امید ہے اس کے لیے اقدامات ہوں گے، سیاسی ماحول کیسے بہتر ہوگا، وہ ایسے ہی بہتر ہو سکتا ہے کہ سیاسی قیدیوں کو ریلیف ملے، شاہ محمود قریشی کی ضمانتیں بغیر کسی وجہ کے نہیں ہو رہیں، اعجاز چوہدری، یاسمین راشد، عمر چیمہ، محمود رشید، سیاسی ورکرز اور خواتین کا حق ہے کہ انہیں ضمانت ملے۔
پی ٹی آئی کے سابق رہنما کا آخر میں کہنا تھا کہ یہ سارے معاملات ہوں گے تو سیاسی فضا بہتر ہوگی، عمران خان اور بشریٰ بی بی کی رہائی ممکن بنانا ہمارا بنیادی کام ہے، فوری طور پر عمران اسمٰعیل، محمود مولوی اور میں باہر نکلے ہیں، آئندہ ملاقاتوں میں آپ کو پی ٹی آئی کی مزید سینئر لیڈر شپ نظر آئی گی اور یہ ماحول مزید بہتر ہو گا۔
Comments are closed.