اٹک ، نیزہ بازی مقابلہ ، جٹ بادشاہ کلب کامیاب،اول پوزیشن حاصل کی

اٹک ، نیزہ بازی مقابلہ ، جٹ بادشاہ کلب کامیاب،اول پوزیشن حاصل کی

ایسے روایتی کھیل نہ صرف ہماری ثقافت کی نمائندگی کرتے ہیں بلکہ نوجوان نسل میں قومی تاریخ، شجاعت اور ورثے سے جڑے رہنے کا جذبہ پیدا کرتے ہیں ، حنیف عباسی

اٹک

حضرت بابا کلو سرکار مانسر شریف، اٹک کے سالانہ عرس مبارک کی مناسبت سے منعقد ہونے والے روایتی نیزہ بازی کے شاندار مقابلوں میں جٹ بادشاہ کلب تھرجیال کلاں، گوجر خان نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پہلی پوزیشن حاصل کی۔ شان علی غازی کلب راولپنڈی نے دوسری پوزیشن جبکہ محمدیہ حیدریہ حسینیہ نقوی البخاری کلب آف پاکستان نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔تقریب میں جیتنے والی ٹیموں کو نہایت دلکش انعامات سے نوازا گیا۔

پہلے نمبر پر آنے والی ٹیم کو عمرے کے چار ٹکٹ اور ٹرافیاں دی گئیں، جبکہ دوسری پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیم کو دو لاکھ روپے نقد انعام اور ٹرافیاں دی گئیں۔ تیسری پوزیشن پر آنے والی ٹیم کو ایک لاکھ روپے نقد انعام اور ٹرافیاں دی گئیں۔

نیزہ بازی کے مقابلوں میں پورے ملک سے 100 گھڑسوار سواروں نے بھرپور شرکت کی، جنہوں نے اپنی مہارت اور روایتی جوش و خروش سے شائقین کے دل جیت لیے۔ اس شاندار ایونٹ کو کامیاب بنانے میں مقابلوں کے منتظمین یعنی آرگنائزر اور کنوینئر شاہد مشتاق ڈار، الحاج قیصر محمود اور سید ارسلان حیدر شاہ نے کلیدی کردار ادا کیا۔

اس کے علاوہ مقابلوں کے جج کے فرائض سید ناصر افتخار شاہ اور ڈی ایس پی چوہدری طاہر عباس نے انجام دیے، جنہوں نے انتہائی منصفانہ اور پیشہ ورانہ انداز میں نتائج مرتب کیے۔

عرس مبارک کی تقریبات اور نیزہ بازی مقابلوں کے دوران منعقد ہونے والی خصوصی تقریب کے مہمانِ خصوصی وفاقی وزیر ریلوے راجہ حنیف عباسی تھے، جنہوں نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ”ایسے روایتی کھیل نہ صرف ہماری ثقافت کی نمائندگی کرتے ہیں بلکہ نوجوان نسل میں قومی تاریخ، شجاعت اور ورثے سے جڑے رہنے کا جذبہ پیدا کرتے ہیں۔ حضرت بابا کلو سرکار کا عرس صرف ایک روحانی اجتماع نہیں بلکہ معاشرتی ہم آہنگی، اتحاد اور قومی یکجہتی کی علامت بن چکا ہے۔

“انہوں نے منتظمین کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ”اس طرح کے ایونٹس میں شرکت کر کے دل خوش ہو جاتا ہے، اور میں یہ وعدہ کرتا ہوں کہ حکومت ہر ممکن تعاون کرے گی تاکہ یہ روایتی کھیل مزید فروغ پائیں۔

“تقریب میں ریاض جنجوعہ، راجہ سرفراز، ملک حمزہ صفدر، راحت قدوسی اور ملک حمید اکبر نے بھی شرکت کی۔ ریاض جنجوعہ نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ”ہمیں فخر ہے کہ ہم اپنی نوجوان نسل کو اپنی روایات اور ثقافت سے جوڑنے میں اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔ حضرت بابا کلو سرکار کا یہ عرس روحانی فیوض و برکات کے ساتھ ساتھ ثقافتی ترقی کا ذریعہ بھی بن چکا ہے۔

“راجہ سرفراز نے بھی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا”نیزہ بازی صرف ایک کھیل نہیں بلکہ یہ ہمارے آبا و اجداد کی روایت اور ان کی شجاعت کا نشان ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ یہ روایت آنے والی نسلوں تک زندہ و قائم رہے، اور اس مقصد کے لیے ہم ہر ممکن تعاون فراہم کریں گے مقابلے کے دوران شائقین کی بڑی تعداد نے شرکت کی، اور گھوڑسواروں کی مہارت نے حاضرین کو خوب محظوظ کیا۔

پورے ایونٹ کے دوران سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے تاکہ زائرین اور شائقین سکون و اطمینان سے تقریبات کا حصہ بن سکیں۔

یہ تقریب نہ صرف حضرت بابا کلو سرکار کے عرس کا حصہ تھی بلکہ ایک زندہ جاوید روایت کی پاسداری اور نئی نسل میں جوش و جذبہ پیدا کرنے کا ایک مؤثر ذریعہ بھی بنی۔

Comments are closed.