5 اگست یومِ استحصال کشمیر ، بھارت کی جارحیت کو کشمیری عوام نے مسترد کر دیا ہے ، الطاف احمد بٹ
اسلام آباد
شمشاد مانگٹ
چیئرمین جموں و کشمیر سالویشن موومنٹ اور کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما الطاف احمد بٹ نے کہا ہے کہ 5 اگست 2019 کو بھارت نے مقبوضہ کشمیر پر ایک اور جارحانہ حملہ کیا، جب غیر قانونی طور پر آرٹیکل 370 اور 35A کو ختم کرکے ریاست کی متنازع حیثیت چھینی گئی۔ یہ دن کشمیری عوام کے لیے یومِ استحصال ہے اور بھارت کے سامراجی عزائم کی علامت ہے۔ انہوں نے کہا کہ مودی حکومت کے یکطرفہ اور غاصبانہ فیصلے نہ صرف اقوام متحدہ کی قراردادوں کی خلاف ورزی ہیں بلکہ خود بھارتی آئین کی روح کے بھی منافی ہیں۔ الطاف احمد بٹ نے زور دے کر کہا کہ کشمیر کے عوام نے ان اقدامات کو مکمل طور پر مسترد کر دیا ہے، اور آج بھی ان کی جدوجہد آزادی پہلے سے زیادہ قوت کے ساتھ جاری ہے۔
الطاف احمد بٹ نے دنیا بھر کے کشمیریوں، پاکستانیوں اور انسانی حقوق کے علمبرداروں سے مطالبہ کیا کہ وہ بھارت کی ریاستی دہشتگردی، ماورائے عدالت قتل، جبری گمشدگیوں، اور انسانی حقوق کی پامالیوں کو دنیا کے ہر فورم پر بے نقاب کریں۔
انہوں نے مزید کہا کہ “پانچ اگست کو بھارت نے کشمیریوں کی شناخت، ان کی زمین، ان کے روزگار اور ان کے مستقبل پر حملہ کیا۔ لیکن کشمیری عوام کی مزاحمت نے یہ واضح کر دیا ہے کہ نہ وہ غلام بنیں گے، نہ جھکیں گے۔” الطاف بٹ نے حکومت پاکستان، او آئی سی، اقوام متحدہ اور عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ کشمیر کے مظلوم عوام کی حمایت میں عملی اقدامات کریں اور مسئلہ کشمیر کو اس کے تاریخی اور قانونی تناظر میں حل کرنے کے لیے کردار ادا کریں۔
انہوں نے نوجوان نسل کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ سوشل میڈیا اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر کشمیر کی حقیقی صورتحال اجاگر کرنا آج کے دور کا اہم جہاد ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب تک ایک بھی کشمیری زندہ ہے، بھارت کشمیر پر قبضہ مکمل نہیں کر سکتا۔
Comments are closed.