مجھ پر لگائے گئے الزامات جھوٹ کا پلندہ! ڈائریکٹر پاسپورٹ لندن اورنگزیب خان

Director Passport London Aurangzeb Khan

اسلام آباد (زور آور) اسسٹنٹ ڈائریکٹر پاسپورٹ برطانیہ ہائی کمشن پاکستان اورنگزیب خان نے اپنے خلاف لگائے گئے الزامات کی سختی سے تردید کی ہے اور کہا ہے کہ تمام الزامات من گھڑت ،جھوٹ کا پلندہ اور بے بنیاد ہیں ۔روزنامہ زورآور سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کہ میں اپنے خلاف لگائے گئے الزامات کا عدالت سمیت ہر فورم پر دفاع کر سکتا ہوں میں آج تک اللہ کے فضل سے اپنے بچوں کا حلال کا لقمہ کھلایا ہے اور پاکستان کے لوگوں کی ہمیشہ قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے خدمت کی ہے ۔اورنگزیب خان نے کہا کہ وزارتِ داخلہ کے حکم کے مطابق ہم ہر شہری سے ویزہ اور دیگر دستاویزات مانگتے ہیں کیونکہ کچھ عرصہ سے لوگ سیاسی پناہ کے لئے درخواستیں دے رہے ہیں اس لئے ہم پوری چھان بین کا قانونی حق رکھتے ہیں کیونکہ ہم اپنے ہائی کمشن اور حکومت پاکستان کو جواب دہ ہیں ۔انہوں نے کہا کہ یہ یہ الزام انتہائی گھٹیا اور لغو ہے کہ ہم ٹاؤٹ مافیا کے ذریعے پاسپورٹ کے اجراء میں سہولت کاری کرتے ہیں۔ایسا ممکن ہی نہیں ہے ۔انہوں نے کہا یہ الزام بھی مکمل طور پر غلط اور بے بنیاد ہے کہ مجھے تحریک انصاف کے دور میں یہاں لایا گیا تھا ۔البتہ حقیقت یہ ہے کہ میں عمران خان کے دور سے لندن سے ٹرانسفر کی کوشش کر رہا ہوں کیونکہ یہاں کام کا بوجھ زیادہ ہے ۔اورنگزیب خان نے کہا کہ میری دیانتداری کا ثبوت یہ ہے کہ میں آج بھی لندن کے چھوٹے سے فلیٹ میں رہتا ہوں اور بنک سے میں نے اپنی تنخواہیں ایڈوانس نکلوا رکھی ہیں اور اس کی قسطوں میں ادائیگی کر رہا ہوں ۔انہوں نے کہا کرپشن کا الزام لگانے والے ثبوت بھی دیں اور میں عدالت سے رجوع کا حق محفوظ رکھتا ہوں. انہوں نے کہا کہ ہائی کمشن برطانیہ میں ایسی سازشیں روزمرہ کا حصہ ہیں اور یہ بھی محض ایک سازش اور بے بنیاد الزام ہے!

Comments are closed.