اسلام آباد ( زورآور نیوز ) سپریم کورٹ نے بھٹو ریفرنس کی سماعت براہ راست دکھانے کا فیصلہ کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں ذوالفقار علی بھٹو کے قتل سے متعلق صدارتی ریفرنس کی سماعت براہ راست نشر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، سماعت براہ راست دکھانے کا فیصلہ سپریم کورٹ کی جانب سے کیا گیا ہے، اس فیصلے کے تحت آج کی سماعت کی مکمل کارروائی سپریم کورٹ کی ویب سائٹ پر براہ راست نشر کی جائے گی۔بتایا جارہا ہے کہ ذوالفقار بھٹو کی پھانسی سے متعلق صدارتی ریفرنس میں چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے سماعت کی براہ راست نشریات کیلئے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی، درخواست بلاول بھٹو کی جانب سے وکیل فاروق ایچ نائیک نے دائر کی، جس میں استدعا کی گئی کہ انصاف کے تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے ریفرنس کی سماعت براہ راست نشر کی جائے۔خیال رہے کہ سابق وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو کی پھانسی سے متعلق صدارتی ریفرنس کی سماعت کے معاملے میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، ذوالفقار علی بھٹو کی پھانسی کو عدالتی قتل قرار دینے کا ریفرنس آج سماعت کیلئے مقرر ہے، ذوالفقار علی بھٹو کے عدالتی قتل سے متعلق صدارتی ریفرنس کی سماعت لارجر بنچ کرے گا، ذوالفقار علی بھٹو صدارتی ریفرنس کی سماعت چیف جسٹس قاضی فائز عیسی کی سربراہی میں ہوگی۔بتایا جارہا ہے کہ سابق صدر آصف علی زرداری نے 2011ء میں سپریم کورٹ میں صدارتی ریفرنس دائر کیا تھا، ذوالفقار بھٹو سے متعلق صدارتی ریفرنس پر اب تک سپریم کورٹ میں 6 سماعتیں ہو چکی ہیں، صدارتی ریفرنس پر پہلی سماعت دو جنوری 2012ء کو ہوئی، ذوالفقار بھٹو کے قتل سے متعلق صدارتی ریفرنس پر آخری سماعت 12 نومبر 2012ء کو ہوئی تھی، صدارتی ریفرنس پر پہلی 5 سماعتیں سابق چیف جسٹس افتخار چودھری کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 11 رکنی لارجر بینچ نے کیں جب کہ صدارتی ریفرنس پر آخری سماعت 9 رکنی لارجر بینچ نے کی تھی۔چند روز قبل بلاول بھٹو زرداری نے ذوالفقار علی بھٹو کے 44 ویں یومِ شہادت پر جاری کردہ اپنے پیغام میں کہا کہ ملک کو متفقہ آئین دینے والے وزیراعظم کے عدالتی قتل کے حوالے سے صدارتی ریفرنس گذشتہ 12 سالوں سے سپریم کورٹ میں زیرِ التوا ہے، اِن 4 ہزار 382 دنوں کے دوران ہمارے نظام عدل و انصاف کے پاس بھٹو کی فریاد سننے کے لیے ایک منٹ بھی میسر نہیں، بتایا جائے انصاف کے حصول کے لیے بھٹو خاندان کی مزید کتنی نسلوں کو انتظار کرنا پڑے گا؟۔انہوں نے کہا کہ تاریخ نے بھٹو کی بے گناہی کے حق میں اتنے ثبوت پیش کردیئے ہیں کہ اس کے بدترین دشمنوں کو بھی اب یہ کہنا پڑتا ہے کہ قائدِ عوام کے ساتھ ظلم ہوا، اعلیٰ عدلیہ سے اپیل کرتا ہوں کہ 2 اپریل 2011ء کو سابق صدر آصف علی زرداری کی جانب سے آرٹیکل 186 کے تحت بھیجے گئے صدارتی ریفرنس کو جلد سماعت کے لیے مقرر کیا جائے۔
Comments are closed.