وزارت آئی ٹی اور ہم نیٹ ورک کا بڑا معاہدہ : پاکستان میں گیمنگ اور اینیمیشن کے فروغ کے لیے “سیگا” قائم کرنے کا اعلان

وزارت آئی ٹی اور ہم نیٹ ورک کا بڑا معاہدہ : پاکستان میں گیمنگ اور اینیمیشن کے فروغ کے لیے “سیگا” قائم کرنے کا اعلان

اسلام آباد

شمشاد مانگٹ

پاکستان میں گیمنگ اور اینیمیشن کی صنعت کو فروغ دینے کے لیے وزارت آئی ٹی و ٹیلی کام اور ہم نیٹ ورک کے درمیان ایک بڑا اشتراکی معاہدہ طے پا گیا۔ معاہدے کے تحت اگنائٹ (Ignite) اور ہم نیٹ ورک مل کر ایک جدید ترین “سینٹر آف ایکسی لینس اِن گیمنگ اینڈ اینیمیشن (سیگا)” قائم کریں گے۔

یہ اقدام وزیراعظم پاکستان کے ڈیجیٹل نیشن ویژن کے تحت نوجوانوں کو بااختیار بنانے کی جانب ایک عملی قدم تصور کیا جا رہا ہے۔

وفاقی وزیر آئی ٹی شزا فاطمہ خواجہ نے معاہدے پر دستخط کی تقریب میں کہا یہ منصوبہ نوجوانوں کو عالمی معیار کی ڈیجیٹل مہارتیں سکھانے اور پاکستان کو ڈیجیٹل معیشت کی راہ پر گامزن کرنے کی جانب ایک سنگِ میل ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ سیگا کے تحت آئندہ پانچ برسوں میں 200 اسٹارٹ اپس کو انکیوبیٹ کیا جائے گا ،  10 ہزار نوجوانوں کو گیمنگ اور اینیمیشن کی جدید ترین ٹیکنالوجی پر تربیت دی جائے گی ، 100 نشستوں پر مشتمل کوورکنگ اسپیس قائم کی جائے گی، جہاں نوجوان مل کر تخلیقی اور تجارتی سرگرمیاں انجام دے سکیں گے

ہم نیٹ ورک کے سی ای او دورید قریشی نے کہا سیگا صرف ایک تربیتی ادارہ نہیں، بلکہ نوجوانوں کے خوابوں اور تخلیقی تصورات کو حقیقت میں بدلنے کا مرکز ہوگا۔ ہمارا ہدف پاکستان کو گیم ڈویلپمنٹ اور اینیمیشن کا علاقائی مرکز بنانا ہے۔

یہ اقدام نہ صرف نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرے گا بلکہ پاکستان کی ڈیجیٹل ایکسپورٹس اور معیشت کو بھی تقویت دے گا۔

Comments are closed.