مرکزیت پسند سوچ ختم کرنا ہو گی،بلاول

کوئٹہ ( زورآور نیوز) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ مرکزیت پسند سوچ آج بھی 18 ویں کی جگہ 17 ویں ترمیم کی بحالی کی سازشیں کر رہی ہے، صوبائی خودمختاری پر آنچ بھی نہیں آنے دیں گے۔ تفصیلات کے مطابق اپنی جماعت پاکستان پیپلزپارٹی پارٹی کے 56 ویں یومِ تاسیس پر جاری کردہ ایک پیغام میں انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی صرف جماعت نہیں ایک تحریک ہے، ذوالفقار بھٹو اور بینظیر بھٹو کےمشن کو مکمل کرنے کےلیے پرعزم ہیں، ذوالفقار بھٹو نے جماعت کی بنیاد سیاسی تدبر اور دور رس ویژن پر رکھی تھی، قائدِ عوام کے ویژن پر عمل کرتے ہوئے ہمیں مضبوط پاکستان تعمیر کرنا ہے، ایسا پاکستان جس میں ہم وطنوں کے حقوق اور مفادات کا خیال رکھا جائے۔
سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ بینظیر بھٹو نے آمریت، مرکزیت پسند سوچ اور انتہا پسندی کے خلاف مزاحمت کی، بینظیر بھٹو نے عوام کے بنیادی حقوق کی حفاظت اور خوشحالی کے لیے جدوجہد کی، ہم آصف علی زرداری کے ویژن کو آگے لے کر چلیں گے، جمہوریت کی خاطر قید و بند، جلاوطنی، کوڑے کھانے والوں کو سلام پیش کرتا ہوں، پیپلز پارٹی عظیم کارکنان کی قربانیوں کو رائیگاں جانے نہیں دے گی۔چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی نے کہا کہ مرکزیت پسند سوچ آج بھی 18 ویں کی جگہ 17 ویں ترمیم کی بحالی کی سازشیں کر رہی ہے، ہم صوبائی خودمختاری اور عوامی خوشحالی کے ایجنڈے پر آنچ آنے نہیں دیں گے، پرانی سیاست کو فیصلہ کن شکست دینے کے لیے 8 فروری اہم سنگ میل ثابت ہوسکتا ہے، پیپلز پارٹی کی فتح عوام کو غربت کی زنجیروں سے آزادی کی ضمانت ہے، ہماری فتح یقینی ہے کیوں کہ نوجوان اب پاکستان پیپلز پارٹی کے ساتھ میدان میں ڈٹ کر کھڑے ہیں۔

 

Comments are closed.