دریائے سواں کے کنارے پلاٹنگ کرنے پر بحریہ ٹاؤن انتظامیہ کیخلاف مقدمہ درج

دریائے سواں کے کنارے پر فلنگ کر کے پلاٹنگ کرنے پر بحریہ ٹاؤن انتظامیہ کیخلاف مقدمہ درج

تھانہ روات پولیس نے بحریہ ٹاؤن فیز 8 کے دفتر پر چھاپہ مار کر انجینئر محمد سلیم کو گرفتار کر لیا

راولپنڈی

شمشاد مانگٹ

راولپنڈی میں دریائے سواں کنارے پر مٹی سے بھرائی کر کے پلاٹنگ کرنے پر بحریہ ٹاؤن انتظامیہ کیخلاف مقدمہ درج کر لیا گیا،  مقدمہ میں چیف ایگزیکٹو آفیسر بحریہ ٹاؤن علی ریاض اور دیگر ملزمان  کو نامزد کیا گیاہے ۔

تفصیلات کے مطابق  مقدمے میں ڈپٹی چیف ایگزیکٹو محمد الیاس،انجینیرمحمد سلیم،جی ایم کسٹمر سپورٹ چوہدری جمیل کو بھی نامزد کیا گیاہے ، مقدمے کے متن میں کہا گیاہے کہ بحریہ ٹاؤن  نے علی ریاض کی ایماء پر دریائے سواں کنارے فلنگ کر کے پلاٹنگ شروع کر رکھی ہے، بحریہ ٹاؤن کا تمام سیوریج اور کیمیکل ملا پانی دریائے سواں میں شامل ہو رہا ہے، ٹاؤن انتظامیہ نے انسٹالمنٹ پلان کی غیرقانونی تشہیر کر کے پلاٹوں کی فروخت بھی شروع کر رکھی ہے۔

متن کے مطابق دریائے سواں پر تجاوزات خلاف ضابطہ وقواعد ہے، غیرقانونی پلاٹنگ اور تشہیر پر ٹاؤن انتظامیہ کو متعدد نوٹس بھی جاری کئے گئے، ٹاؤن انتظامیہ کا عمل پنجاب ڈویلپمنٹ آف سٹیزایکٹ ترمیم کے مطابق غیرقانونی ہے، ملزمان نے عوام کے ساتھ دھوکا دہی کا کاروبار جاری رکھا ہوا ہے۔

تھانہ روات پولیس نے بحریہ ٹاؤن فیز 8 کے دفتر پر چھاپہ مار کر انجینئر محمد سلیم کو گرفتار کر لیا ہے ، مقدمہ آر ڈی اے کے اسکیم انسپکٹر عمران حسین جعفری کی مدعیت میں درج کیا گیا ، مقدمہ پنجاب ڈویلپمنٹ آف سٹیز ایکٹ 1976کی  5 مختلف دفعات کے تحت درج کیا گیا۔

Comments are closed.