وفاقی ترقیاتی ادارے سی ڈی اے کا رات گئے وفاقی دارالحکومت کے قدیم گاؤں سید پورمیں آپریشن
سی ڈی اے انفورسمنٹ نے سید پور کے رہائشیوں کے گھر مسمار کرنے کی تیاریاں مکمل کرلیں
اسلام آباد
شمشاد مانگٹ
وفاقی ترقیاتی ادارے سی ڈی اے نے رات گئے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے قدیم گاؤں سید پورمیں آپریشن کا آغاز کیا ہے اور وہاں پر رہائش پذیر لوگوں کے گھر مسمار کرنے کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں ۔
ذرائع کے مطابق سی ڈی اے نے آدھے گھنٹے کا نوٹس دیتے ہوئے لوگوں کو گھروں سے باہر نکلنے کی وارننگ جاری کردی ہے جبکہ سی ڈی اے کا انسداد تجاوزات عملہ قانون نافذ کرنے والوں اداروں کے ہمراہ ہیوی مشینری سمیت سید پور گاؤں پہنچ گیا ۔
ذرائع کے مطابق وہاں کی مقامی مسجد سے اعلانات کے ذریعے لوگوں کو گھر خالی کرنے کی ہدایات جاری کی گئیں ۔
قدیم گاؤں سید پور کے علاقہ مکینوں نے سی ڈی اے انفورسمنٹ کے اس اقدام کو ظالمانہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہمیں بغیر نوٹس کے ہمارے گھروں سے نہ صرف بے دخل کیا جارہا ہے بلکہ لاکھوں روپے کا قیمتی سامان بھی تباہ کیا جا رہا ہے ۔
علاقہ مکینوں کا کہنا ہے ک ہم یہاں طویل عرصے سے رہائش پذیر ہیں اور سی ڈی اے کا انسداد تجاوزات عملہ ہمارے ساتھ ظلم و زیادتی کر رہا ہے اورہمارے سروں سے چھت چھیننے کی کوشش کی جا رہی ہے ۔
عوام علاقہ نے وزیراعظم ، چیف جسٹس وزیر داخلہ اور دیگر اعلیٰ حکام سے اپیل کی ہے کہ وہ اس کا فوری نوٹس لیں اور ہمیں انصاف فراہم کیا جائے ۔
دوسری جانب ترجمان سی ڈی اے سے جب اس حوالے سے موقف لیا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ قانون کے مطابق آپریشن کیا جارہا ہے سی ڈی اے کی طرف سے تجاوز کرنے والوں کو پہلے نوٹس دیئے گئے ہیں ۔
ترجمان کے مطابق چیئرمین سی ڈی اے اور چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا کی ہدایت پر سید پور میں آپریشن کا آغاز کیا گیا جبکہ ڈائریکٹر ڈی ایم اے ، ڈپٹی ڈی جی انفورسمنٹ سی ڈی اے ڈاکٹر انعم فاطمہ اس آپریشن کی نگرانی کر رہی ہیں ۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ سید پور کے علاقے میں غیر قانونی تجاوزات کے خلاف آپریشن شروع کیا گیا ہے ، نوٹس کے باوجود مکین اپنے غیر قانونی مکانات خالی کرنے میں ناکام رہے ہیں ۔
ان کا کہنا تھا کہ انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ اور ڈی ایم اے نے مل کر قانون کے مطابق کارروائی کی اورچیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا کیے احکامات کی روشنی میں غیر قانونی تعمیرات کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی پر عمل کیا جا رہا ہے ۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ قانونی طریقہ کار اختیار کریں اور قانون کو ہاتھ میں نہ لیں ۔
ترجمان کے مطابق تمام غیر قانونی تعمیرات کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی ۔
Comments are closed.