چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سینیٹر روبینہ خالد کا ایبٹ آباد کے ضلعی دفتر کا دورہ

چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سینیٹر روبینہ خالد نے آج ایبٹ آباد کے ضلعی دفتر کا دورہ

رجسٹریشن کے مراحل، عملے کی کارکردگی اور خواتین کی سہولت کے لیے فراہم کی جانے والی خدمات کا جائزہ لیا

جب تک 8171 کا ادائیگی وصولی کا پیغام موصول نہ ہو، بلا ضرورت ادائیگی مرکز نہ جائیں تاکہ وقت اور وسائل کے ضیاع سے بچا جا سکے ، چیئرپرسن بی آئی ایس پی

اپنی امدادی رقوم ہمیشہ گن کر پوری وصول کریں، اور اگر کوئی کٹوتی کرے تو فوراً شکایت درج کرائیں ، روبینہ خالد

ایبٹ آباد

چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سینیٹر روبینہ خالد نے آج ایبٹ آباد کے ضلعی دفتر کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے بی آئی ایس پی کے ڈائنامک رجسٹری سینٹر کا تفصیلی جائزہ لیا اور مستحق خواتین کے اندراج کے عمل کا بغور مشاہدہ کیا ۔ چیئرپرسن نے رجسٹریشن کے مراحل، عملے کی کارکردگی اور خواتین کی سہولت کے لیے فراہم کی جانے والی خدمات کا جائزہ لیا ۔

دورے کے دوران انہوں نے مرکز میں موجود خواتین سے گفتگو کی اور ان سے ان کی مشکلات کے بارے میں دریافت کیا ۔ انہوں نے خواتین کو ہدایت دی کہ “اپنی امدادی رقوم ہمیشہ گن کر پوری وصول کریں، اور اگر کوئی کٹوتی کرے تو فوراً شکایت درج کرائیں۔” انہوں نے مزید کہا کہ جب تک 8171 کا ادائیگی وصولی کا پیغام موصول نہ ہو، بلا ضرورت ادائیگی مرکز نہ جائیں تاکہ وقت اور وسائل کے ضیاع سے بچا جا سکے۔

سینیٹر روبینہ خالد نے خواتین کو حوصلہ، ہمت اور مثبت سوچ اپنانے کی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ “آپ کو اپنی عزت و وقار کا خیال رکھنا ہے، اپنی سوچ کو مثبت رکھنا ہے اور نڈر و دلیر بننا ہے۔ محترمہ بینظیر بھٹو شہید کی زندگی اس حوالے سے ہمارے لیے ایک مشعلِ راہ ہے۔” انہوں نے زور دیا کہ خواتین اپنے بچوں کو تعلیم ضرور دلوائیں تاکہ وہ مستقبل میں پاکستان کا نام روشن کریں۔

انہوں نے خواتین کی جانب سے پیش کیے گئے مسائل بغور سنے اور موقع پر موجود عملے کو فوری حل کی ہدایات جاری کیں۔ اس کے ساتھ ساتھ پالیسی سطح پر درپیش چیلنجز کو متعلقہ فورمز پر اٹھانے اور ان کے حل کی یقین دہانی بھی کرائی۔ چیئرپرسن نے اس بات پر زور دیا کہ ری-سرٹیفکیشن کے عمل سے متعلق بھی خواتین کو مکمل آگاہی دی جائے تاکہ کوئی محروم نہ رہے۔

دورے کے اختتام پر سینیٹر روبینہ خالد نے ضلعی دفتر کے مقام پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بی آئی ایس پی ایبٹ آباد آفس کو ایسی جگہ منتقل کیا جائے جہاں مستحق خواتین کو خدمات حاصل کرنے میں آسانی ہو اور انہیں سفری مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

Comments are closed.