،نو مئی ملزمان کی عامی مانگنے کی اپیل کرتا ہوں،شیخ رشید

راولپنڈی ( زورآور نیوز ) سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ میری زندگی کا مشن ان تمام لوگوں کو عام معافی دلانا ہے جن سے 9 مئی کی غلطی سرزد ہوئی، نہیں معلوم چلہ کس جگہ کاٹا لیکن اس دوران مجھے کوئی تکلیف نہیں پہنچائی گئی۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری کردہ اپنے ایک پیغام میں انہوں نے کہا کہ میں ساری قوم کا مشکور ہوں جن کی دعاؤں سے چلے کے بعد مجھے رہائی نصیب ہوئی، اب میری زندگی کا مشن ان تمام لوگوں کو جو روپوش ہیں یا چھپے ہوئے ہیں یا جن سے 9 مئی کی غلطی سرزد ہوگئی ہے یا جو بے گناہ جیلوں میں ہیں ان کو عام معافی دلانا ہے۔سابق وزیر داخلہ نے کہا کہ آج میں پہلی مرتبہ اپیل کر رہا ہوں کہ 9 مئی کی غلطی جن لوگوں سے سرزد ہوئی ہے اُن کی عام معافی کی اپیل کے مشن پر میرا ساتھ دیں، کل سے میں اس مشن کا آغاز کر رہا ہوں، قوم کی دعاؤں کی ضرورت ہے، انشاء اللہ کامیابی ہمارا مقدر بنے گی اور اللّٰہ ہمیں ماؤں، بہنوں، بیٹیوں کی دعاؤں کے صدقے اس مشن میں ضرور سرخرو کرے گا۔خیال رہے کہ سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کئی دن لاپتہ رہنے کے بعد دو روز قبل اچانک منظر عام پر آئے ہیں جنہیں راولپنڈی کی نجی ہاؤسنگ سوسائٹی سے گرفتار کرکے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا تھا، شیخ رشید کے وکیل ایڈووکیٹ سردار عبدالرازق خان نے گرفتاری کی تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ شیخ رشید کو نجی ہاؤسنگ سوسائٹی میں واقع ان کے گھر سے سول کپڑوں میں ملبوس لوگ گرفتار کرکے لے گئے۔بعد ازاں راولپنڈی پولیس نے شیخ رشید کو گرفتار کرنے کی خبروں کی تردید کر دی تھی، ایک بیان میں راولپنڈی پولیس حکام کا کہنا تھا کہ شیخ رشید احمد کو راولپنڈی پولیس نے گرفتار نہ کیا ہے اور نہ ہی وہ راولپنڈی پولیس کی تحویل میں ہیں، ہماری طرف سے گرفتاری کے حوالے سے چلنے والی خبروں کی راولپنڈی پولیس تردید کرتی ہے۔

 

Comments are closed.