خیبرپختونخوا میں قیادت کی تبدیلی ، 13 اکتوبر کو نئے وزیراعلیٰ کا انتخاب، سہیل آفریدی امیدوار نامزد

خیبرپختونخوا میں قیادت کی تبدیلی ، 13 اکتوبر کو نئے وزیراعلیٰ کا انتخاب، سہیل آفریدی امیدوار نامزد

پی ٹی آئی کے علی امین گنڈا پور کا استعفیٰ گورنر ہاؤس کو موصول، سہیل آفریدی کو عمران خان کی ہدایت پر وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا امیدوار نامزد کر دیا گیا

پشاور

خیبرپختونخوا میں سیاسی قیادت کی بڑی تبدیلی سامنے آ گئی ہے، جہاں وزیراعلیٰ کے انتخاب کے لیے صوبائی اسمبلی سیکریٹریٹ نے باضابطہ شیڈول جاری کر دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق 13 اکتوبر کی صبح 10 بجے نئے قائد ایوان کا انتخاب ہو گا۔

یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے 8 اکتوبر کو اعلان کیا کہ علی امین گنڈا پور کی جگہ سہیل آفریدی کو وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے لیے نامزد کیا جا رہا ہے۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے پارٹی چیئرمین عمران خان کی ہدایت پر وزارتِ اعلیٰ کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ عہدہ عمران خان کی امانت تھا، جو میں نے ان کو واپس کر دیا۔ سہیل آفریدی کو میری مکمل حمایت حاصل ہے، ہم پارٹی پالیسی اور عمران خان کی رہائی کے لیے ایک ہو کر کام کریں گے۔

گورنر ہاؤس خیبرپختونخوا کے ترجمان نے 11 اکتوبر کو علی امین گنڈا پور کا استعفیٰ موصول ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ آئینی و قانونی تقاضوں کے مطابق جانچ پڑتال کی جائے گی اور پورا عمل شفاف طریقے سے آگے بڑھایا جائے گا۔

نامزد وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کا تعلق ضلع خیبر سے ہے۔ وہ ماضی میں انصاف اسٹوڈنٹس فیڈریشن کے صوبائی صدر رہ چکے ہیں۔ 2024 کے عام انتخابات میں پہلی بار رکن صوبائی اسمبلی منتخب ہوئے۔ علی امین گنڈا پور کی کابینہ میں وہ معاون خصوصی برائے مواصلات رہے، اور بعد ازاں انہیں وزیر برائے اعلیٰ تعلیم مقرر کیا گیا۔

وہ پی ٹی آئی کی مرکزی ایگزیکٹو کمیٹی کے بھی فعال رکن ہیں، اور نوجوان قیادت کے طور پر جانے جاتے ہیں۔

وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے 9 اکتوبر کو الزام عائد کیا تھا کہ پی ٹی آئی انتشاری ٹولہ اور دہشت گردوں کا سہولت کار ہے، اور سہیل آفریدی کو اس لیے نامزد کیا گیا ہے تاکہ وہ دہشتگردوں کی کھل کر معاونت کر سکیں۔

اسی طرح ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے گزشتہ روز کہا  کہ بدقسمتی سے خیبرپختونخوا میں سوچے سمجھے منصوبے کے تحت دہشتگردوں کو اسپیس دی گئی، اور گورننس و عوامی فلاح کو جان بوجھ کر کمزور کیا گیا۔

Comments are closed.