اسلام آباد ( زورآور نیوز) سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری کو اسلام آباد کچہری میں پیش کردیا گیا جہاں عدالت نے ان کا 2 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا۔معلومات کے مطابق سابق وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کو منہ پر کپڑا ڈال کر اسلام آباد کچہری پہنچایا گیا، انہیں بکتر بند گاڑی میں لایا گیا اور ان کے منہ کو کپڑے سے ڈھانپ کر عدالت میں پیش کیا گیا، فواد چوہدری کے کچہری پہنچنے سے پہلے ہی ان کے دونوں بھائی اور اہلیہ بھی وہاں موجود تھے۔بتایا جارہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے سابق رہنماء فواد چوہدری کو وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سے گرفتار کیا گیا، جہاں سابق وفاقی وزیر کو پولیس اہلکار ان کے بھائی کی رہائش گاہ سے گرفتار کرکے اپنے ساتھ لے گئے، فواد چوہدری کے بھائی فیصل چوہدری نے سابق وفاقی وزیر کی گرفتاری کی تصدیق کی اور بتایا کہ میرے بھائی چوہدری فواد کو میرے اسلام آباد والے گھر سے ناشتہ کرتے ہوئے کچھ باوردی اہلکاروں نے سادہ کپڑوں میں ملبوس افراد کے ہمراہ اغوا کر لیا ہے، میرے بار بار اصرار کے باوجود انہوں نے کوئی وارنٹ گرفتاری یا حکم نہیں دکھایا، مجھے فواد چوہدری کی سلامتی سے متعلق شدید خدشات ہیں،معلوم ہوا ہے کہ اسلام آباد کی عدالت نے سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری کی دفعہ 144 کی خلاف وزری کے کیس میں 13 نومبر تک ضمانت قبل از گرفتاری منظور کی ہوئی تھی، ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد میں فواد چوہدری کی دفعہ 144 کی خلاف وزری کیس میں ضمانت قبل از گرفتاری پر سماعت ہوئی، ایڈیشنل سیشن جج طاہر عباس سپرا کی عدالت میں فواد چوہدری اپنے وکیل کے ہمراہ پیش ہوئے، وکیلِ صفائی قمر عنایت نے فواد چوہدری کی درخواستِ ضمانت منظور کرنے کی استدعا کی، عدالت نے 13 نومبر تک فواد چوہدری کی ضمانت قبل از گرفتاری منظور کر لی، عدالت نے فواد چوہدری کی ضمانت 10 ہزار روپے کے ضمانتی مچلکوں کے عوض منظور کی، اسلام آباد کی عدالت نے آئندہ سماعت پر دلائل کے لیے پراسیکیوٹراور تفتیشی افسر کو ریکارڈ سمیت طلب کرلیا۔
Comments are closed.