اسلام آباد کو سیاحتی اور سفارتی مرکز بنانے کیلئے سی ڈی اے اور ای او بی آئی کا اشتراک، ہوٹل انڈسٹری میں سرمایہ کاری پر غور

اسلام آباد کو سیاحتی اور سفارتی مرکز بنانے کیلئے سی ڈی اے اور ای او بی آئی کا اشتراک، ہوٹل انڈسٹری میں سرمایہ کاری پر غور

اسلام آباد

شمشاد مانگٹ

چیئرمین کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا سے چیئرمین ایمپلائز اولڈ ایج بینیفٹ انسٹیٹوٹیشن ای او بی آئی (EOBI) ڈاکٹر جاوید شیخ اور انکی ٹیم نے سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز میں ملاقات کی۔ چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے چیئرمین ای او بی آئی (EOBI) اور انکی ٹیم کا سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز میں خیر مقدم کیا۔ ملاقات میں ممبر فنانس طاہر نعیم، ممبر پلاننگ اینڈ ڈیزائن ڈاکٹر خالد حفیظ، ممبر انوائرمنٹ اسفندیار بلوچ، ڈپٹی کمشنر آئی سی ٹی عرفان نواز میمن سمیت ڈی جی ریسورس اور دیگر سنئیر افسران نے شرکت کی۔

ملاقات میں اسلام آباد میں سرمایہ کاری کیلئے مختلف منصوبوں میں شراکت داری کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں اسلام آباد میں بالخصوص میزبانی کی صنعت سے متعلقہ مختلف منصوبے زیر غور لائے گئے اور ان منصوبوں کے مالیاتی اور آپریشنل ماڈلز پر بریفنگ دی گئی۔

چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ اسلام آباد میں میزبانی کی صنعت سے متعلقہ پراجیکٹس میں سرمایہ کاری کیلئے بہترین مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی کانفرنسوں سمیت اگلے ایس سی او سمٹ کا انعقاد دارالخلافہ اسلام آباد میں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد شہر کو سفارتی اور سیاحتی مرکز کے طور پر متعارف کرانے کیلئے ہوٹل انڈسٹری کے فروغ کے حوالے سے کافی مواقع موجود ہیں۔

چیئرمین سی ڈی اے نے مختلف منصوبوں میں جوائنٹ وینچر کے تحت ملکر کام کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ سی ڈی اے ریونیو شئیرنگ ماڈل پر ای او بی آئی کے ساتھ مختلف منصوبوں پر کام کرنے کیلئے تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ سی ڈی اے، ای او بی آئی (EOBI) کے ساتھ شراکت داری کے تحت منصوبے پر جلد کام شروع کرنے کا خواہاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے منصوبے تلاش کئے جائیں جو سرمایہ کاری کے اعتبار سے دونوں اداروں کیلئے مفید ہوں۔

چیئرمین ای او بی آئی (EOBI) ڈاکٹر جاوید شیخ نے منصوبوں میں سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ ملاقات میں قابل عمل منصوبوں کو منظوری سے قبل ای او بی آئی کی سرمایہ کاری کمیٹی میں پیش کئے جانے پر اتفاق کیا گیا۔ اسی طرح ملاقات میں سی ڈی اے اور (EOBI) نے مستقبل میں ملکر کام کرنے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔

Comments are closed.