کمشنر سرگودہا جہانزیب اعوان کا ایکشن، ناقص کارکردگی پر 12 پرائس مجسٹریٹس کے خلاف پیڈا ایکٹ کے تحت کارروائی کا حکم

کمشنر سرگودہا جہانزیب اعوان کا ایکشن ، ناقص کارکردگی پر 12 پرائس مجسٹریٹس کے خلاف پیڈا ایکٹ کے تحت کارروائی کا حکم

سرگودہا

کمشنر سرگودہا جہانزیب اعوان نے ناقص کارکردگی دکھانے والے افسران کے خلاف سخت کارروائی کا عندیہ دیتے ہوئے پرائس کنٹرول، ای بز پورٹل اور سٹی بیوٹیفکیشن منصوبوں پر پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ عوامی ریلیف حکومت کی اولین ترجیح ہے اور کسی بھی سطح پر غفلت یا سستی برداشت نہیں کی جائے گی۔

کمشنر جہانزیب اعوان کی زیر صدارت اجلاس میں تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز، اسسٹنٹ کمشنرز اور متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ بعض اضلاع میں پرائس کنٹرول کے اقدامات تسلی بخش نہیں، جس پر کمشنر نے 12 پرائس مجسٹریٹس کے خلاف پیڈا ایکٹ کے تحت کارروائی کا حکم دیا، جبکہ 5 پرائس مجسٹریٹس کو شوکاز نوٹس جاری کرنے کی ہدایت کی گئی۔

انہوں نے واضح کیا کہ اشیائے خورونوش کی قیمتوں پر کنٹرول کے لیے روزانہ کی بنیاد پر مؤثر مانیٹرنگ ضروری ہے۔ تمام دکانداروں کو ہدایت کی گئی کہ ریٹ لسٹ نمایاں مقامات پر آویزاں کریں اور عوام کو مقررہ نرخوں پر اشیا فراہم کریں۔

شاندار کارکردگی پر کمشنر نے مینیجر جاب بیورو بھکر ادریس جمیل کو دوسرا تعریفی سرٹیفکیٹ دینے کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ محنتی اور دیانتدار افسران کی حوصلہ افزائی حکومت کی پالیسی کا حصہ ہے تاکہ بہتر سروس ڈیلیوری یقینی بنائی جا سکے۔

اجلاس میں تحصیل دریا خان کی کارکردگی کو غیر تسلی بخش قرار دیا گیا اور فوری بہتری کی ہدایت کی گئی۔

ای بز پورٹل سے متعلق بریفنگ میں بتایا گیا کہ سرگودہا ڈویژن میں 238 درخواستیں موصول ہو چکی ہیں جن میں سے 162 درخواستیں منظور کر لی گئی ہیں۔ کمشنر نے واضح کیا کہ اب کسی بھی محکمے میں مینول درخواست وصول نہیں کی جائے گی، تمام کارروائیاں آن لائن نظام کے ذریعے انجام دی جائیں گی۔ انہوں نے مزید ہدایت کی کہ ای بز پورٹل کے حوالے سے عوامی آگاہی مہم مزید تیز کی جائے تاکہ شہری سہولت سے بھرپور فائدہ اٹھا سکیں۔

شہری ترقیاتی امور پر گفتگو کرتے ہوئے کمشنر جہانزیب اعوان نے بغیر نقشہ تعمیر ہونے والی عمارتوں کے خلاف فوری کارروائی کا حکم دیا۔

سٹی بیوٹیفکیشن منصوبے پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ بھکر میں 27 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے، میانوالی میں ٹینڈرز کا عمل جاری ہے اور اگلے ہفتے ورک آرڈر جاری کر دیا جائے گا۔ خوشاب میں رواں ماہ کے آخر جبکہ سرگودہا میں 15 نومبر سے منصوبے پر عملی کام کا آغاز کیا جائے گا۔

کمشنر نے کہا کہ شہری خوبصورتی کے منصوبے عوامی سہولت اور شہر کے حسن میں اضافہ کرنے کے لیے انتہائی اہم ہیں، اس لیے تمام محکمے اپنی ذمہ داریاں بروقت مکمل کریں

Comments are closed.