کمپٹیشن کمیشن آف پاکستان نے یورپی کمپنیوں کے انضمام کی منظوری دے دی

کمپٹیشن کمیشن آف پاکستان نے یورپی کمپنیوں کے انضمام کی منظوری دے دی ، پاکستان میں ڈیری مارکیٹ پر اثرات کا جائزہ

Competition Commission

اسلام آباد

شمشاد مانگٹ

کمپٹیشن کمیشن آف پاکستان (سی سی پی) نے دو یورپی کمپنیوں کے انضمام کی منظوری دے دی ہے۔ مرجر معاہدے کے تحت بیلجیئن کمپنی میسرز ملکوبیل سی وی ڈچ کمپنی زوئیویل کوپریٹو فرایزلینڈ کمپینا یو اے میں مکمل طور پر ضم ہو جائے گی۔

زوئیویل کوپریٹو فرایزلینڈ کمپینا یو اے نیدرلینڈز اور بیلجیئم میں دودھ اکٹھا کرنے اور پراسیسنگ کر کے ڈیری مصنوعات بنانے کے کاروبار سے منسلک ہے۔ پاکستان میں یہ اپنی ذیلی کمپنی فرائز لینڈ کمپینا اینگرو پاکستان لمیٹڈ کے ذریعے آپریٹ کرتی ہے، جو مختلف اقسام کی ڈیری مصنوعات تیار کرتی ہے اور ان کی مارکیٹنگ بھی کرتی ہے۔

دوسری جانب میسرز ملکوبیل سی وی بھی اسی نوعیت کے کاروبار سے منسلک ہے اور پاکستان میں بزنس ٹو بزنس معاہدوں کے تحت ‘انکو’ اور ‘بنکو’ کے نام سے خشک دودھ کے برانڈز کی مارکیٹنگ اور فروخت کرتی ہے۔

کمپٹیشن کمیشن نے اپنے مسابقتی جائزے میں ‘ڈیری مصنوعات اور خشک دودھ’ کو متعلقہ مارکیٹ قرار دیا ہے، جس کا جغرافیائی دائرہ کار پاکستان تک محدود ہے۔ کمیشن نے معاہدے کی منظوری دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ انضمام متعلقہ مارکیٹ میں غالب پوزیشن پیدا کرنے یا اس کے مضبوط ہونے کا باعث نہیں بنے گا۔

سی سی پی نے اپنی منظوری کی تشہیر میں یہ واضح کیا کہ اس انضمام سے مارکیٹ میں مسابقتی دباؤ میں کوئی قابل ذکر اضافہ نہیں ہوگا اور یہ معاہدہ پاکستان کے ڈیری مصنوعات کے شعبے میں مزید استحکام لانے کے لیے معاون ثابت ہوگا۔

Comments are closed.