کمپٹیشن کمیشن کی ایک ارب روپے سے زائد ریکوری، عدالتوں میں 50 فیصد مقدمات کے فیصلے، پارلیمانی کمیٹی کی شاباش

کمپٹیشن کمیشن کی ایک ارب روپے سے زائد ریکوری، عدالتوں میں 50 فیصد مقدمات کے فیصلے، پارلیمانی کمیٹی کی شاباش

کارٹلز کے خلاف کارروائیاں، 567 سے مقدمات کم ہو کر 280 رہ گئے؛ CCP کی کارکردگی پر پبلک اکاؤنٹس سب کمیٹی مطمئن

اسلام آباد

شمشاد مانگٹ

کمپٹیشن کمیشن آف پاکستان (سی سی پی) نے ملک میں کارٹلز، اجارہ داری اور گمراہ کن کاروباری حربوں کے خلاف مؤثر کارروائیوں کے نتیجے میں ایک ارب روپے سے زائد جرمانوں کی ریکوری کی ہے، جبکہ عدالتوں میں زیر التوا مقدمات کی فعال پیروی کے باعث کیسز کی تعداد 567 سے گھٹ کر 280 رہ گئی ہے۔ اس کارکردگی پر پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی ذیلی کمیٹی نے کمیشن کو شاباش دی اور بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

ذیلی کمیٹی کا اجلاس رکن قومی اسمبلی شاہدہ بیگم کی زیر صدارت منعقد ہوا، جس میں چیئرمین سی سی پی ڈاکٹر کبیر احمد سدھو نے کمیشن کی کارکردگی پر تفصیلی بریفنگ دی۔

ڈاکٹر سدھو نے بتایا کہ گزشتہ سال کے دوران کمیشن نے کارٹلز کے خلاف 14 فیصلے دیے اور 1 ارب روپے سے زائد جرمانے عائد کیے ، 20 انکوائریاں کارٹلز اور اجارہ داری کے غلط استعمال پر مکمل ہوئیں، جبکہ 18 انکوائریاں گمراہ کن مارکیٹنگ پر کی گئیں ۔

کمیشن نے ایک خصوصی مارکیٹ انٹیلی جنس یونٹ (ایم آئی یو) قائم کیا ہے، جس نے اب تک 190 ممکنہ غیر مسابقتی کیسز کی نشاندہی کی ہے۔

تحقیق، پالیسی سازی اور استعداد کار بڑھانے کے لیے کمپٹیشن لا پر ’سینٹر آف ایکسیلنس‘ قائم کیا گیا ہے۔

چیئرمین سی سی پی  نے مزید بتایا کہ کمیشن نے گزشتہ برس 117 مرجرز اور ایکوزیشن کی منظوری دی، جس کے نتیجے میں ملک میں 29 ارب روپے کی براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری (ایف ڈی آئی ) آئی۔

سب کمیٹی کے ارکان نے کمیشن کی مجموعی کارکردگی کو صارفین کے حقوق کے تحفظ، مارکیٹ میں شفافیت اور پائیدار اقتصادی ترقی کے لیے نہایت اہم قرار دیا۔ کمیٹی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ سی سی پی  کے مینڈیٹ کو قانونی و پارلیمانی سطح پر مکمل تعاون فراہم کرے گی۔

Comments are closed.