اسلام آباد ہائیکورٹ میں ویڈیو ریکارڈنگ اور لائیو اسٹریمنگ پر مکمل پابندی عائد

اسلام آباد ہائیکورٹ میں ویڈیو ریکارڈنگ اور لائیو اسٹریمنگ پر مکمل پابندی عائد

اسلام آباد

شمشاد مانگٹ

اسلام آباد ہائیکورٹ نے عدالتی احاطے میں ویڈیو ریکارڈنگ اور لائیو اسٹریمنگ پر مکمل پابندی عائد کر دی ہے۔ عدالت کی جانب سے اس حوالے سے باقاعدہ سرکلر جاری کیا گیا ہے جس میں واضح طور پر ہدایت دی گئی ہے کہ صحافی، وکلاء اور سائلین عدالت کے کسی بھی حصے میں ویڈیو ریکارڈنگ نہیں کر سکیں گے۔

سرکلر کے مطابق پابندی کا اطلاق کمرہ عدالت، راہداری، ویٹنگ ایریا اور عدالتی دفاتر سمیت پورے احاطہ عدالت پر ہو گا۔ کسی بھی شخص کو کیمرہ، موبائل یا کسی بھی الیکٹرانک ڈیوائس کے ذریعے ویڈیو بنانے یا لائیو اسٹریمنگ کرنے کی اجازت نہیں ہو گی۔

عدالت نے یہ بھی ہدایت کی ہے کہ موبائل فون صرف سائلنٹ موڈ پر استعمال کیے جا سکیں گے اور کیمرے کے کسی بھی قسم کے استعمال پر مکمل پابندی ہو گی۔ سیکیورٹی اہلکاروں کو ویڈیو ریکارڈنگ کرنے والوں کے خلاف فوری کارروائی کا اختیار بھی دیا گیا ہے۔

اس اقدام کا مقصد عدالتی وقار اور سیکیورٹی کو برقرار رکھنا ہے تاکہ عدالتی کارروائیوں میں کسی قسم کی رکاوٹ یا غیر ضروری تشہیر سے بچا جا سکے۔

Comments are closed.