کشمیر و فلسطین جیسے تنازعات عالمی امن کیلئے خطرہ، پاکستان ہمیشہ پرامن حل کا حامی ، اسحاق ڈار

 کشمیر و فلسطین جیسے تنازعات عالمی امن کیلئے خطرہ، پاکستان ہمیشہ پرامن حل کا حامی ، اسحاق ڈار

پاکستان موسمیاتی تبدیلی سے متاثرہ 10 ممالک میں شامل، ماحولیاتی انصاف کیلئے مشترکہ آواز اٹھانا ہوگی: وزیر خارجہ

اسلام آباد

شمشاد مانگٹ

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ کشمیر اور فلسطین جیسے تنازعات خطے اور دنیا کے امن کے لیے خطرہ ہیں، جبکہ پاکستان نے ہمیشہ عالمی تنازعات کو پرامن طریقے سے حل کرنے پر زور دیا ہے۔

اسلام آباد میں ایک کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ امن، استحکام اور ترقی کا گہرا تعلق ہے، اور اس سلسلے میں پارلیمانی سفارت کاری مذاکرات اور باہمی احترام کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ دنیا آج عدم استحکام، بحرانوں اور جنگوں کا سامنا کر رہی ہے، جبکہ پاکستان کو موسمیاتی تبدیلی جیسے سنگین چیلنجز درپیش ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ پارلیمانی رہنماؤں کے درمیان روابط اور تبادلے وقت کی ضرورت ہیں۔

نائب وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان ماحولیاتی تبدیلی سے متاثرہ 10 ممالک میں شامل ہے، حالانکہ پاکستان کا ماحولیاتی تبدیلی میں حصہ ایک فیصد سے بھی کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماحولیاتی انصاف کے لیے دنیا کو مشترکہ آواز بلند کرنا ہوگی۔

اسحاق ڈار نے مزید کہا کہ علاقائی امن و استحکام کے لیے مشترکہ اقدامات ضروری ہیں، جبکہ موجودہ عالمی اقتصادی نظام میں بھی فوری اصلاحات کی ضرورت ہے۔

Comments are closed.