خیبرپختونخوا کابینہ کی تشکیل پر مشاورت جاری ، پرانے چہروں کی واپسی اور نئے ناموں کی شمولیت متوقع

خیبرپختونخوا کابینہ کی تشکیل پر مشاورت جاری ، پرانے چہروں کی واپسی اور نئے ناموں کی شمولیت متوقع

سہیل آفریدی کو مکمل اختیارات حاصل ، وزیراعلیٰ ہاؤس میں پی ٹی آئی کی اہم بیٹھک

پشاور

خیبرپختونخوا میں نو منتخب وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کی حلف برداری سے قبل پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی قیادت نے صوبائی کابینہ کی تشکیل کے لیے مشاورت تیز کر دی ہے، اور وزیراعلیٰ ہاؤس میں اس حوالے سے اہم بیٹھک جاری ہے۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں پرانے وزرا، مشیران اور معاونین خصوصی کی دوبارہ شمولیت پر غور ہو رہا ہے جبکہ چند نئے اور اہم چہروں کو بھی ذمہ داریاں سونپے جانے کا امکان ہے۔  ذرائع کا کہنا ہے کہ پارٹی کے اندرونی اختلافات کے باعث علی امین گنڈاپور مخالف گروپ کے ارکان بھی متحرک ہو گئے ہیں اور وزارتوں کے حصول کے لیے سرگرم ہیں۔

ذرائع کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے سہیل آفریدی کو کابینہ میں رد و بدل کا مکمل اختیار دے دیا ہے، تاہم مزمل اسلم کو مشیر خزانہ مقرر کرنے کا فیصلہ براہ راست عمران خان نے کیا ہے، جبکہ باقی تمام اختیارات وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کے پاس ہوں گے۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ سابق وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے اپنے دور میں شہرام ترکئی اور اسد قیصر کے بھائیوں کو کابینہ سے نکال دیا تھا، تاہم سہیل آفریدی کے منتخب ہونے کے بعد شہرام ترکئی اور عاطف خان نے دوبارہ وزیراعلیٰ ہاؤس میں ڈیرے ڈال دیے ہیں اور کابینہ میں واپسی کے لیے متحرک نظر آ رہے ہیں۔

پی ٹی آئی ذرائع کے مطابق آئندہ چند روز میں کابینہ کا باضابطہ اعلان متوقع ہے جس میں مختلف دھڑوں کو نمائندگی دے کر اندرونی اختلافات کو کم کرنے کی کوشش کی جائے گی۔

Comments are closed.