مغربی معاشرے میں رہ کر اسلامی شعار کی انسانی بنیادوں پر خدمات جاری رکھنا قابل تحسین، فیصل کریم کنڈی
گورنر خیبر پختونخواہ فیصل کریم کنڈی اور ممبر بلوچستان اسمبلی رحمت صالح بلوچ کا دورہ برطانیہ
پاکستان پیپلز پارٹی کے مقامی رہنماؤں کی بھر پور شرکت اور اوپن کچن کو خراج تحسین پیش کیا گیا
لندن
پاکستان سے نجی دورے پر برطانیہ آئے ہوئے گورنر خیبر پختونخواہ فیصل کریم کنڈی اور ممبر بلوچستان اسمبلی رحمت صالح بلوچ نے مغربی لندن ہونسلو میں قائم مسلم ہینڈز کے منصوبہ اوپن کچن کا دورہ کیا ۔
اس موقع چئیر مین مسلم ہینڈز سید لخت حسنین اور پاکستان پیپلز پارٹی کے برطانیہ میں صدر محسن باری مشتاق احمد لاشاری ، محمد میاں سلیم ، سابق میئر آف ہونسلو بارو افضال احمد کیانی ،صحافی غلام حسین اعوان ، چوہدری طاہر ،وحید احمد ، عمران مانی ، نسیم صدیقی اور دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی ۔
ہونسلو میں قائم اوپن کچن کے سات سال مکمل ہونے پر منتظم اوپن کچن معروف ادبی و سماجی شخصیت احسان شاہد نے گورنر خیبر پختونخواہ فیصل کریم کنڈی کو اوپن کچن کے فلاحی سفر اور مسلسل سات سالوں میں لاکھوں افراد کی داد رسی سمیت اس منصوبے کے اغراض و مقاصد کے حوالے سے تفصیلات بتائیں اور ان کا شکریہ ادا کیا کہ انھوں نے اپنے نجی دورے میں وقت نکال کر اوپن کچن کی فلاحی خدمات کا معائنہ کیا ۔
شرکا سے گفتگو کے دوران گورنر کے پی کے فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ وہ سمجھتے ہیں کہ مغربی معاشرے میں رہ کر اسلامی شعار کی انسانی بنیادوں پر خدمات جاری رکھنا اور غیر مسلم معاشرے میں مسلم فلاحی کاموں میں عزت اور مقام حاصل کرنا قابل تحسین ہے جبکہ پاکستانی فلاحی ادارہ ہونے کے ناطے مسلم ہینڈز ملک و قوم کے لیے قابل فخر ہے ۔
انھوں نے سید لخت حسنین اور احسان شاہد سمیت مسلم ہینڈز کی مکمل ٹیم کو مبارک باد پیش کی کہ وہ نوٹنگھم مانچسٹر اور لندن سمیت برطانیہ بھر میں فلاحی کام جاری رکھے ہوئے ہیں ہونسلو اوپن کچن کا خاص طور ذکر کرتے ہوئے ان کو کہنا تھا کہ برطانیہ مستحق اور نادار افراد کو مفت کھانا فراہم کرنا اور بھوکوں کو پیٹ بھرنا سنت نبوی ﷺہے جس پر اوپن کچن میں مکمل مظاہرہ دیکھنے کو مل رہا ہے اور سرکاری سطح پر اوپن کچن کو جانا مانا جانا قابل ستائش ہے ۔
گفتگو کے دوران رحمت صالح بلوچ نے بات کرتے ہوئے کہاکہ مسلم ہینڈز کی جانب سے ہمارے علاقے میں ان گنت فلاحی کروائی ہیں ان کا مزید کہنا تھا کہ چئیر مین لخت حسنین
نے ہمیشہ ایک آواز پر بلا تفریق فلاحی کاموں میں حصہ لیا ہے ہمارا دور افتادہ علاقہ آج بھی ان کو عزت و تکریم کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور ہم ہمہ وقت مسلم ہینڈز کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں ۔
اوپن کچن ہونسلو میں مہمانوں سے بات کرتے ہوئے چئیر مین مسلم ہینڈز سید لخت حسنین کا کہنا تھا کہ وہ پاکستان پیپلز پارٹی کے خیبر پختونخواہ کے گورنر فیصل کریم کنڈی اور ایم پی بلوچستان رحمت صالح بلوچ کا شکریہ ادا کرتے ہیں کہ انھوں نے عزت افزائی کی اور خاص طور پر اوپن کچن کا دورہ کیا ان کا کہنا تھا کہ برطانیہ کے تین شہروں میں اوپن کامیابی سے اپنا فلاحی کام کر رہا ہے اور کوشش کر رہے ہیں کہ مزید شہروں میں اس کا دائرہ کار بڑھایا جائے انھوں نے کہا کہ برطانیہ جیسے ملک میں بھی لاکھوں افراد امداد کے مستحق ہیں اور بے گھر نادار برطانوی شہریوں کو ایک وقت کا کھانا بھی میسر کرنا ہماری ترجیحات میں شامل رہا ہے یہی وجہ ہے کہ مسلم ہینڈز نے اوپن کچن کا تصور دیا اور اس کو عملی جامہ پہنایا جس کو سرکاری اور غیر سرکاری سطح پر پذیرائی مل رہی ہے اور انشااللہ اس کا تسلسل جاری و ساری رہے گا ۔
اس موقع پر گورنر فیصل کریم کنڈی سے صحافیوں سے پاکستان کے حوالے سے مختلف سوالات بھی کئے جن کا انھوں نے تفصیل سے جوابات دیے اور کہا کہ پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن ہے اور سیاسی و سماجی استحکام کے ساتھ ساتھ معاشی پختگی بھی جلدی عوام تک پہنچے گی ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ سیاست بھی ایک فلاحی عمل ہے جس میں عوام الناس کی فلاح و بہبود کے لیے ملکر کام کرنا چاہیے ۔
Comments are closed.