متنازعہ بیان نوٹس ، وزیراعلیٰ سہیل آفریدی الیکشن کمیشن میں طلب

متنازعہ بیان نوٹس ، وزیراعلیٰ سہیل آفریدی الیکشن کمیشن میں طلب

اسلام آباد

شمشاد مانگٹ

الیکشن کمیشن پاکستان نے حویلیاں جلسے میں دیے گئے متنازعہ بیان کا نوٹس لیتے ہوئے الیکشن کمیشن نے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی اور ضمنی انتخاب کی امیدوار شہرناز عمر ایوب کو طلب کرلیا ہے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق اپنے خطاب کے دوران انہوں نے ضلعی انتظامیہ، پولیس اور الیکشن میں تعینات عملے کو دھمکیاں دیں اور جلسے میں موجود عوام کو اکسانے کی کوشش کی، اس موقع پر ان کے ساتھ ایک مفرور مجرم بھی موجود تھا جس کی اہلیہ ضمنی انتخاب میں حصہ لے رہی ہیں۔

الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ صوبے کے چیف ایگزیکٹو کے اس غیر ذمہ دارانہ رویے سے این اے 18 ہری پور میں پُرامن ضمنی انتخاب کا انعقاد شدید متاثر ہوا ہے۔

الیکشن کمیشن نے سہیل آفریدی اور امیدوار شہرنازعمرایوب کو الیکشنز ایکٹ 2017 اور ضابطۂ اخلاق کی خلاف ورزی پر ہفتے کو طلب کرتے ہوئے نوٹس جاری کر دیے ہیں۔

الیکشن کمیشن نے الیکشن کمشنر خیبر پختونخوا کو ہدایت کی ہے کہ وہ فوری طور پر چیف سیکرٹری اور آئی جی سے ملاقات کرکے ضروری سکیورٹی اقدامات یقینی بنائیں اور اس بارے میں رپورٹ الیکشن کمیشن کو پیش کریں۔

الیکشن کمیشن نے یہ بھی فیصلہ کیا ہے کہ وزارتِ داخلہ کے سیکریٹری کو فوری طور پر خط ارسال کیا جائے، تاکہ حلقے میں وفاقی سکیورٹی اداروں کی مدد سے فول پروف سکیورٹی انتظامات کیے جائیں اور ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر، ریٹرننگ افسران، انتخابی عملے، ووٹرز اور عام عوام کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے، پریزائیڈنگ افسران کی پولنگ اسٹیشنز تک اور الیکشن کے بعد آر او دفتر تک محفوظ نقل و حرکت بھی یقینی بنانے کی ہدایات دی گئی ہیں۔

کمیشن نے واضح کیا کہ ضمنی انتخابات کے دوران کسی بھی فرد، شخصیت یا عوامی عہدے دار نے انتخابی عمل میں مداخلت یا خلل ڈالنے کی کوشش کی تو اس کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔

علاوہ ازیں، صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب کو بھی ہدایت کی گئی ہے کہ اگر وفاقی یا صوبائی حکومت کا کوئی بھی عہدیدار ضابطۂ اخلاق کی خلاف ورزی کرے یا انتخابی عمل کو متاثر کرنے کی کوشش کرے تو آئین اور قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے۔ 

خط

 الیکشن کمیشن نے ہری پور میں ضمنی انتخاب کے لیے 23 نومبر کو فوج اور سول آرمڈ فورسز کی تعیناتی کے لیے سیکرٹری دفاع کو خط لکھ دیا۔

الیکشن کمیشن نے این اے 18 میں امن و امان برقرار رکھنے کیلئے سیکرٹری داخلہ کو بھی خط لکھ دیا ۔

الیکشن کمیشن کے مطابق وزیراعلیٰ کی تقریر سے انتخابی افسران کو دھمکیاں اور خوف کا ماحول پیدا ہوا، وزیراعلیٰ کی جارحانہ زبان سرکاری افسران کے کام میں رکاوٹ بن سکتی ہے۔

خط کے متن میں لکھا گیا کہ افواج پاکستان،سول آرمڈ فورسز ضمنی انتخاب میں عوام، ووٹرز اور الیکشن سٹاف کے تحفظ کیلئے اقدامات کرے، 23 نومبر کو پولنگ سٹیشنوں پر مکمل امن و امان یقینی بنایا جائے۔

Comments are closed.