سانگھڑ ، وڈیرے کے ظلم کا شکار اونٹنی کو مصنوعی ٹانگ لگ گئی

سانگھڑ ، وڈیرے کے ظلم کا شکار اونٹنی کو مصنوعی ٹانگ لگ گئی

کراچی

سندھ کے ضلع سانگھڑ میں گزشتہ سال وڈیرے کے ظلم کا شکار ہونے والی اونٹنی منگل کے روز پہلی بار مصنوعی ٹانگ کی مدد سے کھڑی ہوگئی۔

ذرائع کے مطابق یہ اونٹنی جس کا نام اب ’کیمی‘ رکھا گیا ہے، جون 2024 میں مبینہ طور پر ایک وڈیرے نے بطور سزا اس کی اگلی ٹانگ کاٹ دی تھی، کیونکہ وہ اس کے کھیت میں چارہ تلاش کرنے گئی تھی، اس واقعے میں ملوث 6 افراد کو عدالت نے ریمانڈ پر بھیجا تھا۔

اونٹنی کو کراچی میں جانوروں کی فلاح کے لیے کام کرنے والے ادارے ’کمپری ہینسو ڈیزاسٹر ریسپانس سروسز (سی ڈی آر ایس) بینجی پروجیکٹ‘ نے اپنی تحویل میں لیا، جہاں وہ ایک سال سے زائد عرصے سے زیرِ نگرانی رہی۔

منگل کو بینجی پروجیکٹ نے ایک ویڈیو کے ساتھ اطلاع دی کہ کیمی پہلی بار اپنی مصنوعی ٹانگ کی مدد سےکھڑی ہوئی اور چلنے کی کوشش کر رہی ہے۔

پیغام میں کہا گیا ہے کہ ’یہ ایک سال آنسوؤں، ناکامیوں، بحالی، تکلیف اور خاموش ثابت قدمی کا سال رہا، ایک سال جس میں ہمیں بار بار کہا گیا کہ ہار مان لو، آگے بڑھ جاؤ، جو ہونا ہے ہونے دو، لیکن ہم نے اس کا ساتھ نہیں چھوڑا، اور آج وہ ہم سب کے لیے کھڑی ہوئی‘۔

شیلٹر نے اپنی ٹیم، حامیوں، پیپلز پارٹی کی رکن قومی اسمبلی شازیہ مری، ان کی بہن سینیٹر قرۃالعین مری اور سندھ حکومت کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے اس مشن پر غیر متزلزل اعتماد کیا۔

اس کے ساتھ ہی، مصنوعی ٹانگ بنانے والے ’بایونک پیٹس‘ کے بانی ڈیرک کمپانا کا بھی خصوصی شکریہ ادا کیا گیا جنہوں نے کیمی کے لیے خاص پروستھیٹک ڈیزائن کیا۔

شیلٹر کا کہنا ہے کہ’ہمیں اب بھی ایک طویل سفر طے کرنا ہے جب تک کیمی اپنی مصنوعی ٹانگ کے ساتھ مکمل طور پر مانوس نہیں ہو جاتی، لیکن آج کا دن خوشی، امید اور اُن خاموش کامیابیوں کا دن ہے جو اس وقت ممکن ہوتی ہیں جب آپ ہار ماننے سے انکار کر دیتے ہیں’۔

Comments are closed.