ملک بھر میں مون سون بارشوں اور سیلاب سے ہلاکتیں 907 تک پہنچ گئیں، این ڈی ایم اے

ملک بھر میں مون سون بارشوں اور سیلاب سے ہلاکتیں 907 تک پہنچ گئیں، این ڈی ایم اے

سیلابی صورتحال : 7 ہزار سے زائد گھر متاثر، 6 ہزار سے زائد مویشی ہلاک

اسلام آباد

شمشاد مانگٹ

ملک بھر میں جاری مون سون بارشوں اور سیلابی ریلوں کے باعث ہلاکتوں کی تعداد 907 تک جا پہنچی ہے۔

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے تازہ اعدادوشمار کے مطابق 26 جون سے اب تک سب سے زیادہ جانی نقصان خیبرپختونخوا میں ہوا جہاں 502 افراد زندگی کی بازی ہار گئے، جبکہ پنجاب میں 233، سندھ میں 58، گلگت بلتستان میں 41، آزاد کشمیر میں 38 اور اسلام آباد میں 9 افراد جاں بحق ہوئے۔

این ڈی ایم اے کے مطابق زخمیوں کی تعداد بھی ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔ پنجاب میں 654، خیبرپختونخوا میں 218، سندھ میں 78، گلگت بلتستان میں 52، آزاد کشمیر میں 34 اور اسلام آباد میں 3 افراد زخمی ہوئے۔

ادارے کے مطابق مون سون بارشوں اور سیلاب سے اب تک مجموعی طور پر 7 ہزار 848 گھر متاثر ہوئے ہیں، جن میں سے 5 ہزار 903 کو جزوی جبکہ 1945 مکانات مکمل طور پر تباہ ہوئے۔

اعدادوشمار میں مزید بتایا گیا ہے کہ قدرتی آفات کے نتیجے میں اب تک 6 ہزار 180 مویشی ہلاک ہوچکے ہیں، جس کے باعث دیہی علاقوں میں متاثرہ خاندانوں کی مشکلات مزید بڑھ گئی ہیں۔

این ڈی ایم اے نے ہلاکتوں اور نقصانات میں اضافے کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے عوام کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔

Comments are closed.