دیر: نامعلوم حملہ آوروں کی کرکٹر نسیم شاہ کے گھر پر فائرنگ ، کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، پولیس

دیر: نامعلوم حملہ آوروں کی کرکٹر نسیم شاہ کے گھر پر فائرنگ ، کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، پولیس

دیر

پولیس کے مطابق نامعلوم مسلح افراد نے رات گئے خیبرپختونخوا کے ضلع لوئر دیر کی تحصیل میاڑ میں کرکٹر نسیم شاہ کے گھر پر فائرنگ کی، تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

پولیس کے مطابق یہ واقعہ تقریباً رات ایک بجکر 45 منٹ پر پیش آیا، جب حملہ آوروں نے گھر کے مرکزی دروازے پر متعدد فائر کیے، جس کے باعث دروازے پر گولیوں کے نشانات پڑ گئے، فائرنگ کے فوراً بعد ملزمان موقع سے فرار ہوگئے۔

میاڑ پولیس نے مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی، حکام نے بتایا کہ قریبی گھروں کی سی سی ٹی وی فوٹیج کا جائزہ لیا جا رہا ہے اور کرکٹر کے گھر کے ارد گرد سیکیورٹی بڑھا دی گئی ہے۔

لوئر دیر پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق یہ واقعہ دہشت گردی کا نہیں بلکہ ممکنہ طور پر زمین کے تنازع یا مقامی دشمنی کا نتیجہ ہے۔

نسیم شاہ کے والد نے بھی لوئر دیر کے ضلعی پولیس افسر تیمور خان سے ملاقات کی، جنہوں نے جلد گرفتاریاں یقینی بنانے کی یقین دہانی کرائی۔

مقامی رہائشیوں نے کہا کہ نسیم شاہ کا خاندان ایک معزز پس منظر رکھتا ہے اور ان کی کسی سے کوئی جانی دشمنی یا تنازع نہیں ہے۔

Comments are closed.