پاکستان تحریک انصاف کے دورمیں سرکاری وسائل سیاسی تشہیری مہم کیلئے استعمال کرنے کا انکشاف

اسلام آباد ( زورآور نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے دور حکومت میں سرکاری وسائل سیاسی تشہیری مہم کیلئے استعمال کرنے کا انکشاف ہوگیا، ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ 80 کروڑ 70 لاکھ روپے کی لاگت سے سوشل میڈیا ٹیمیں بنائی گئیں، اس کے لئے 25 ہزار سے 40 ہزار روپے تنخواہ پر ملازمین کو بھرتی کیا گیا، جن کی مدد سے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کو پی ٹی آئی قیادت کی تشہیر کے لیے استعمال کیا گیا۔ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ یہ سوشل میڈیا اکاؤنٹس مخالفین کے خلاف پروپیگنڈے کے لیے استعمال ہوئے، ان پروپیگنڈا اکاؤنٹس کے فالوورز سرکاری وسائل سے بڑھائے گئے، حکومتی دور کے اختتام پر یہ اکاؤنٹس پی ٹی آئی کارکنان استعمال کرتے رہے، یہ اکاؤنٹس 9 مئی کو پی ٹی آئی کارکنوں کو اشتعال دلانے کیلئے بھی استعمال ہوئے۔دوسری طرف پاکستان تحریک انصاف کو خیرباد کہنے والوں کا سلسلہ بھی جاری ہے اور اب گوجر خان سے تعلق رکھنے والے پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء چوہدری محمد عظیم نے پارٹی چھوڑنے کا اعلان کر دیا، جنہوں نے 2018ء میں این اے 58 گوجر خان سے پی ٹی آئی کے ٹکٹ انتخابات میں حصہ لیا تھا، چوہدری محمد عظیم کہتے ہیں کہ ’عمران خان کی پالیسیوں کا حامی نہیں ہوں اور ان کی اداروں کے خلاف گفتگو اور 9مئی کے واقعات کی مذمت کرتا ہوں، آئندہ کا لائحہ عمل دوستوں کی مشاورت سے طے کروں گا‘۔ادھر کئی پی ٹی آئی رہنماؤں نے استحکام پاکستام پارٹی میں شمولیت اختیار کرنا شروع کردی ہے، تحریک انصاف کی مرکزی رہنما عندلیب عباس، سعدیہ سہیل رانا اور سمیرا احمد نے تحریک انصاف سے علیحدگی اختیار کرتے ہوئے استحکام پاکستان پارٹی میں شمولیت کا اعلان کر دیا۔ عندلیب عباس نے اس موقع پر کہا کہ ہم سب نے ماضی کو بھول کر آگے بڑھنے کا فیصلہ کیا ہے، ہمیں عام آدمیوں کی زندگی کو بہتر بنانا ہے، اس وقت پاکستان کے حالات بے بسی کا شکار ہیں۔خیال رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے کئی رہنما 9 مئی کے واقعات کے بعد استحکام پاکستان پارٹی میں شامل ہوئے تھے، دو روز قبل استحکام پاکستان پارٹی کے پیٹرن انچیف جہانگیر ترین سے پارٹی کے سینئر رہنما عون چوہدری، فرخ حبیب اور فواد چوہدری نے ملاقاتیں کیں، پی ٹی آئی کو خیر باد کہہ کر استحکام پاکستان پارٹی میں شامل ہونے والے فرخ حبیب کو پارٹی میں اہم عہدہ دئیے جانے کا امکان ہے، ملاقات کے دوران جہانگیر ترین نے فرخ حبیب کو پارٹی میں شمولیت پر خوش آمدید کہا۔

 

Comments are closed.