کھیلوں کو سیاست سے آلودہ نہ کریں، بھارت کی بوکھلاہٹ ظاہر ہو گئی ، محسن نقوی

کھیلوں کو سیاست سے آلودہ نہ کریں، بھارت کی بوکھلاہٹ ظاہر ہو گئی ، محسن نقوی

اسلام آباد

شمشاد مانگٹ

ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کے صدر اور پاکستان کے وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے بھارتی وزیرِ اعظم نریندر مودی کے متنازعہ بیان پر شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ کھیلوں میں جنگ کو گھسیٹنا بھارت کی بوکھلاہٹ اور کھیل کی روح کی توہین ہے۔

یہ ردعمل اس وقت سامنے آیا جب نریندر مودی نے ایشیا کپ فائنل میں پاکستان کے خلاف بھارت کی فتح کو عسکری تناظر میں پیش کرتے ہوئے اسے “آپریشن سندور” کی توسیع قرار دیا۔ مودی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ “ایکس” (سابقہ ٹوئٹر) پر لکھا:

“آپریشن سندور کھیل کے میدان میں، نتیجہ وہی، بھارت جیت گیا! ہمارے کرکٹرز کو مبارکباد۔”

محسن نقوی نے اس بیان کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا: “اگر جنگ تمہارے فخر کا پیمانہ ہے تو تاریخ پہلے ہی پاکستان کے ہاتھوں تمہاری ذلت آمیز شکستیں درج کر چکی ہے۔ کوئی بھی کرکٹ میچ اس حقیقت کو تبدیل نہیں کر سکتا۔”

انہوں نے مزید کہا کہ کھیل کے میدان کو سیاسی یا عسکری ایجنڈے کا حصہ بنانا افسوسناک اور غیر ذمہ دارانہ عمل ہے، اور اس سے نہ صرف کھیل کی روح مجروح ہوتی ہے بلکہ خطے میں پہلے سے کشیدہ تعلقات مزید خراب ہونے کا خدشہ پیدا ہوتا ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز ہونے والے ایشیا کپ 2025 کے فائنل میچ کے بعد بھارتی کرکٹ ٹیم نے محسن نقوی سے فتح کی ٹرافی وصول کرنے سے انکار کر دیا، جو دونوں ممالک کے درمیان کرکٹ تعلقات کی تاریخ میں ایک غیر معمولی اور افسوسناک موڑ کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔

پوسٹ میچ پریزنٹیشن کے دوران میزبان سائمن ڈول نے اعلان کیا کہ: “مجھے ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ بھارتی کرکٹ ٹیم آج رات اپنے انعامات وصول نہیں کرے گی۔”

یہ فیصلہ ممکنہ طور پر سیاسی تناؤ اور پاکستان سے تعلق رکھنے والے اے سی سی صدر کی موجودگی کے پس منظر میں کیا گیا۔

کھیلوں کے ماہرین اور مبصرین کا کہنا ہے کہ کھیل کو سفارتی محاذ کا ذریعہ بنانا خطے میں کھیلوں کے مستقبل کے لیے خطرناک عمل ہے۔ ماضی میں بھی دونوں ممالک کے درمیان کرکٹ تعلقات کئی بار کشیدہ ہو چکے ہیں، تاہم اس بار کھلاڑیوں کا براہِ راست رویہ ایک نیا اور تشویشناک رجحان قرار دیا جا رہا ہے۔

Comments are closed.