اسلام آباد (زورآور نیوز) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے عام انتخابات کی تیاریوں کے سلسلے میں تمام اضلاع سے نجی تعلیمی اداروں اور ان کے اساتذہ کی تفصیلات طلب کرلی ہیں۔ تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن نے عام انتخابات میں پولنگ اسٹیشنز بنانے کے لئے تمام اضلاع کے نجی سکولوں کی تفصیلات طلب کی ہیں اور جن اضلاع میں سرکاری عمارتیں اور ملازمین کم ہوں گے وہاں ان نجی سکولوں اور اساتذہ کی مدد لی جائے گی، اس حوالے سے الیکشن کمیشن کی ہدایت پر چاروں صوبوں کے محکمہ تعلیم کو خطوط ارسال کر دیئے گئے ہیں۔
ترجمان الیکشن کمیشن نے بتایا ہے کہ سرکاری عمارتیں کم ہوئیں تو پولنگ اسٹیشن نجی سکولوں میں بنیں گے اور سرکاری ملازمین کم پڑے تو پولنگ عملے کیلئے نجی اساتذہ لیے جائیں گے، نجی سکولوں اور اساتذہ کو متبادل کے طور پر رکھا جائے گا۔علاوہ ازیں الیکشن کمیشن سیکریٹریٹ اسلام آباد میں سندھ کے 16 اضلاع میں ہونے والے ضمنی بلدیاتی انتخابات کی نگرانی تین روز کے لئے کنٹرول روم / شکایت سیل قائم کر دیا گیا، مرکزی کنٹرول روم انتخابی عمل کی مانیٹرنگ، شکایات کے ازالے کے لئے قائم کیا گیا ہے جو انتخابات کے نتائج مرتب ہونے تک کام کرتا رہے گا، مرکزی کنٹرول روم میں افسران بمعہ مانیٹرنگ ٹیم انتخابی عمل کی نگرانی کریں گے۔معلوم ہوا ہے کہ مرکزی کنٹرول روم 4 نومبر سے 6 نومبر تک قائم رہے گا، مرکزی کنٹرول روم سےسینئرافسران بمعہ مانیٹرنگ ٹیم تین روز تک بلا تعطل انتخابی عمل کی نگرانی کرے گا، اس کے علاوہ انتخابی عمل کے حوالے سے شکایات کا فوری ازالہ بھی کیا جائے گا ۔کنٹرول روم پولنگ کا عمل شروع ہونے سے ابتدائی نتائج کے مرتب ہونے تک کام کرتا رہے گا، پولنگ کے حوالے سے کسی بھی قسم کی شکایت درج کرنے کے لئے رابطہ کیا جاسکے گا۔
Comments are closed.