جعلی پولیس افسر نے 76 سالہ خاتون سے دہشت گردی کے نام پر 43 لاکھ روپے ہتھیا لیے

جعلی پولیس افسر نے 76 سالہ خاتون سے دہشت گردی کے نام پر 43 لاکھ روپے ہتھیا لیے

آپ کا نمبر پہلگام حملے میں استعمال ہوا ، بزرگ خاتون کو فون کال پر سائبر فراڈ، پولیس تحقیقات جاری

نئی دہلی

بھارتی ریاست اتر پردیش کے شہر نوئیڈا میں 76 سالہ بزرگ خاتون سرلا دیوی کو دہشت گردی کی فنڈنگ جیسے سنگین الزام میں پھنسا کر نوسر بازوں نے 43 لاکھ 70 ہزار بھارتی روپے کا سائبر فراڈ کر ڈالا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق، ایک نامعلوم شخص نے خود کو پولیس افسر ظاہر کرتے ہوئے سرلا دیوی کو فون کیا اور انہیں بتایا کہ ان کے نام پر ممبئی میں جعلی بینک اکاؤنٹس کھولے گئے ہیں، جنہیں دہشت گردی، جوئے اور حوالہ ٹرانزیکشنز کے لیے استعمال کیا گیا ہے۔

جعلی افسر نے گفتگو کے دوران دعویٰ کیا کہ سرلا دیوی کا فون نمبر بھی پہلگام حملے کی فنڈنگ میں استعمال ہوا ہے — ایک حملہ جس میں مبینہ طور پر 26 افراد ہلاک ہوئے تھے۔ مزید یہ کہ ان کے خلاف وارنٹ گرفتاری جاری ہو چکا ہے۔

انہیں دھمکی دی گئی کہ اگر وہ ’تحقیقات کے اختتام تک‘ سیکیورٹی رقم جمع نہ کروائیں تو فوری گرفتاری عمل میں لائی جائے گی۔

ڈری سہمی بزرگ خاتون نے 20 جولائی سے 13 اگست کے درمیان مختلف اکاؤنٹس میں 8 قسطوں میں کل 43 لاکھ 70 ہزار روپے منتقل کیے، جن میں سب سے بڑی قسط 11 لاکھ روپے کی تھی۔

ایک موقع پر نوسر باز نے مزید 15 لاکھ روپے کا تقاضا کیا، بصورتِ دیگر فوری گرفتاری کی دھمکی دی۔ اس پر سرلا دیوی نے ایک وکیل سے مشورہ کیا، جس نے معاملے کی حقیقت آشکار کی۔ اس کے بعد خاتون نے مزید ادائیگی روک دی اور پولیس سے رجوع کیا۔

سائبر کرائم ونگ نے معاملے کی ایف آئی آر درج کر کے بینک ٹرانزیکشنز اور کال ڈیٹیلز کی بنیاد پر تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ پولیس کے مطابق، متاثرہ خاتون اس واقعے کے بعد شدید ذہنی دباؤ اور خوف کا شکار ہیں۔

سرلا دیوی نے حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ انہیں ان کی رقم واپس دلائی جائے اور ملزمان کو سخت قانونی سزا دی جائے۔

Comments are closed.