وفاقی کابینہ اجلاس ، 27ویں آئینی ترمیم منظور ، آج ہی سینیٹ میں پیش کرنے کا فیصلہ

وفاقی کابینہ اجلاس ، 27ویں آئینی ترمیم منظور ، آج ہی سینیٹ میں پیش کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد

شمشاد  مانگٹ

وزیراعظم شہباز شریف کی صدارت میں وفاقی کابینہ نے خصوصی اجلاس میں 27 ویں آئینی ترمیم کے مسودے کی منظوری دے دی۔

وفاقی کابینہ کے اجلاس میں وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے وفاقی کابینہ کو مسودے پر بریفنگ دی جبکہ اس موقع پر پیپلز پارٹی کی تجاویز کا بھی جائزہ لیا گیا۔

وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے وفاقی کابینہ کے اجلاس کے فوری بعد میڈیا کو بتایا کہ بل کو سینیٹ میں آج پیش کیا جائے گا، پھر کمیٹی کے سامنے رکھا جائے گا، سینیٹ سیکرٹریٹ نے سپلمنٹری ایجنڈا تیار کرلیا، آئینی ترمیم کا بل سپلمنٹری ایجنڈا کے طور سینیٹ اجلاس میں پیش ہوگا۔

انہوں نے بتایا کہ آئینی ترمیم بل 48 شقوں پر مشتمل ہے، چارٹر آف ڈیموکریسی میں آئینی عدالت کے قیام کا نکتہ تھا، آئینی عدالت کے قیام پر اتفاق رائے ہوا ہے، پچھلے دنوں ججز کے ٹرانسفر پر اعتراض اٹھایا گیا، بل میں تجویز ہے کہ ججز ٹرانسفر جوڈیشل کمیشن آف پاکستان کے سپرد کی جائے۔

اعظم نذیر تارڑ نے بتایا کہ وزیراعظم نے اتحادی جماعتوں سے مشاورت کی، بل کی منظوری کیلئے حکومت اتحادی جماعتوں کے ساتھ شریک ہوگی، قانون و انصاف کی مشترکہ قائمہ کمیٹی تمام جماعتوں سے رائے لے گی۔

قبل ازیں ذرائع کے مطابق 27 ویں آئینی ترمیم کیلئے پیپلزپارٹی نے 8 میں سے 3 حکومتی تجاویز کی حمایت کی ہے، کمانڈ آف آرمڈ فورسز، آئینی عدالتوں کا قیام اور ججز کے تبادلوں کی شقوں پر اتفاق ہوا تھا، این ایف سی، چیف الیکشن کمشنر تقرری، ایگزیکٹو مجسٹریٹس کے عدالتی اختیارات پر اتفاق نہیں ہوسکا تھا، بیوروکریٹس کی دہری شہریت اور وزارتوں کی وفاق کو واپس منتقلی کی شقوں پر بھی اتفاق نہیں ہو سکا تھا۔

Comments are closed.