وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی ایف بی آئی ڈائریکٹر کاش پٹیل سے ملاقات، انسداد دہشت گردی و امیگریشن پر تعاون پر اتفاق
پاکستان اور امریکا میں سیکیورٹی تعاون میں نئی پیش رفت، محسن نقوی اور ایف بی آئی سربراہ کا افسروں کے تبادلے پر بھی غور
واشنگٹن
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے واشنگٹن ڈی سی میں فیڈرل بیورو آف انویسٹی گیشن ایف بی آئی کے ڈائریکٹر کاش پٹیل سے اہم ملاقات کی ، ملاقات کے دوران غیر قانونی امیگریشن انسداد دہشت گردی اور سیکیورٹی کے دیگر شعبوں میں باہمی تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔
وفاقی وزیر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں کہا کہ ڈائریکٹر ایف بی آئی کاش پٹیل کی پیشہ ورانہ مہارت اور وژن انہیں پاکستان کے لیے ایک بہترین شراکت دار بناتا ہے ، ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان انسداد دہشت گردی کے حوالے سے مشترکہ لائحہ عمل اپنانے پر بات چیت ہوئی جبکہ پاکستانی اور امریکی سیکیورٹی اداروں کے درمیان افسروں کے تبادلے کے پروگرامز پر بھی غور کیا گیا ۔
محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان سیکیورٹی تعاون کو مزید موثر بنانے کے لیے عملی اقدامات کی ضرورت ہے تاکہ دہشت گردی جیسے عالمی چیلنج کا مؤثر انداز میں مقابلہ کیا جا سکے ۔
یاد رہے کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان انسداد دہشتگردی کے تعاون کی ایک طویل اور مضبوط تاریخ ہے پاکستان نے دہشتگردی کے خلاف عالمی جنگ میں فرنٹ لائن اتحادی کا کردار ادا کیا ہے اور امریکا کے ساتھ معلومات کے تبادلے اور مشترکہ کارروائیوں میں بھرپور شرکت کی ہے ۔
حالیہ دنوں میں پاکستان اور امریکا کے تعلقات میں نمایاں بہتری دیکھنے میں آئی ہے دو روز قبل وزیراعظم شہباز شریف اور آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر نے وائٹ ہاؤس میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے اہم ملاقات کی تھی ، جس میں علاقائی سلامتی انسداد دہشت گردی اور معاشی تعاون پر گفتگو ہوئی تھی ۔
اس ملاقات سے قبل امریکی صدر نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ آج دو عظیم مہمان مجھ سے ملنے آ رہے ہیں جن میں آرمی چیف عاصم منیر اور وزیراعظم شہباز شریف شامل ہیں صدر ٹرمپ نے دونوں رہنماؤں کو عظیم لیڈر قرار دیا تھا ، جس سے دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ سطح پر باہمی اعتماد اور تعاون کا اظہار ہوتا ہے ۔
محسن نقوی کی ایف بی آئی ڈائریکٹر سے ملاقات کو بھی اسی سلسلے کی کڑی قرار دیا جا رہا ہے جس کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان سیکیورٹی اور انسداد دہشت گردی کے شعبوں میں تعاون کو نئے انداز میں استوار کرنا ہے ۔
Comments are closed.