ایف آئی اے کا حوالہ ہنڈی،غیر قانونی کرنسی ایکسچینج اور فراڈ میں ملوث ملزمان کے خلاف کریک ڈاؤن ، 3 ملزمان گرفتار
اسلام آباد
شمشاد مانگٹ
وفاقی تحقیقاتی ادارہ (ایف آئی اے) کوہاٹ اور لاہور زون نے حوالہ ہنڈی اور غیر قانونی کرنسی ایکسچینج سمیت فراڈ میں ملوث ملزمان کے خلاف کریک ڈاؤن کیا ہے جس کے نتیجے میں 3 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا ہے جن کے قبضہ سے لاکھوں روپے مالیت کی غیر ملکی کرنسی برآمد کرلی ہے ۔
گرفتار ملزمان کی شناخت آصف خان اور عزت شاہ اورشہزادہ عالمگیر کے ناموں سے ہوئی ، ملزمان کو چھاپہ مار کاروائیوں میں بنوں مارکیٹ کوہاٹ اور دین پور روڈ ڈی آئی خان اور لاہور سے گرفتار کیا گیا ۔
ترجمان پولیس کے مطابق ملزمان غیر قانونی کرنسی اور حوالہ ہنڈی میں ملوث پائےگئے ، چھاپہ مار کاروائی میں ملزم آصف سے 7 لاکھ 86 ہزار پاکستانی روپے برآمد ہوئے جبکہ غیر ملکی کرنسی کی مد میں 650 اماراتی درہم، 501 قطری ریال اور 202 سعودی ریال بھی برآمد ہوئے ۔
ترجمان نے بتایا کہ ملزم عزت شاہ سے 3 لاکھ روپے ، حوالہ ہنڈی کی رسیدیں ، 2 عدد پاسپورٹ اور حوالہ ہنڈی سے متعلق دیگر شواہد برآمد کر لیے گئے ، ملزمان برآمد ہونے والی کرنسی کے حوالے سے حکام کو تسلی بخش جواب نہ دے سکے ، ملزمان کو گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے ۔
پولیس کے مطابق لاہور سے گرفتار ملزم شہزاد عالمگیر ایس ای سی پی کے عملہ کی ملی بھگت سے کروڑوں روپے کے مالیاتی فراڈ میں ملوث تھا ، ملزم نے جعلی کاغذات تیار کر کےکمپنی کے چیف ایگزیکٹو کے کروڑوں مالیت کے ٪51 شیئرز اپنے نام منتقل کروائے ۔
ملزم نے کمپنی کی سالانہ جنرل میٹنگ برائے الیکشن آف ڈائریکٹرز کے جعلی منٹس آف میٹنگ بھی تیار کیے بعد ازاں جعلی (کونسینٹ آف چینج) استعمال کرتے ہوئے ایس ای سی پی کے عملہ کی ملی بھگت سے کمپنی کے سی ای او کو فارغ کر دیا
ترجمان کے مطابق ملزم ایف آئی اے کو کافی عرصہ سے مطلوب تھا ، ملزم کو گرفتار کر کے تفتیش کا اغاز کر دیا گیا ہے جبکہ دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں ۔
Comments are closed.