ایف جی ای ایچ اے کے ڈائریکٹر لینڈ احسان الٰہی ٹارگٹ کلنگ میں جاں بحق

ایف جی ای ایچ اے کے ڈائریکٹر لینڈ احسان الٰہی ٹارگٹ کلنگ میں جاں بحق

اسلام آباد

شمشاد مانگٹ

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے حساس ترین علاقے بلیو ایریا میں گزشتہ شب نامعلوم موٹر سائیکل سواروں کی فائرنگ سے فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائیز ہاوسنگ اتھارٹی(ایف جی ای ایچ اے) کے ڈائریکٹر لینڈ احسان الٰہی جاں بحق ہو گئے۔ پولیس نے واقعے کو ابتدائی طور پر ٹارگٹ کلنگ قرار دیا ہے۔

عینی شاہدین کے مطابق حملہ آور موٹر سائیکل پر سوار تھے جنہوں نے احسان الٰہی پر نشانہ لے کر فائرنگ کی اور موقع سے فرار ہو گئے۔ زخمی حالت میں انہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ جانبر نہ ہو سکے۔

ایف جی ای ایچ اے نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے اپنے افسر کی المناک موت پر گہرے دکھ اور غم کا اظہار کیا ہے۔ ادارے کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ

احسان الٰہی ایک فرض شناس، دیانت دار اور انتھک محنتی افسر تھے، جنہوں نے ہر چیلنج کا خلوص اور ایمانداری سے سامنا کیا۔ ان کے قتل کی سخت مذمت کرتے ہیں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مطالبہ کرتے ہیں کہ مجرموں کو جلد از جلد گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔

احسان الٰہی نے حال ہی میں 26 ستمبر 2025 کو ایف جی ای ایچ اے، سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن (SCBAP) اور ڈی ایچ اے کے درمیان اہم سہ فریقی معاہدہ مارگلہ آرچرڈ کی کامیاب تکمیل میں کلیدی کردار ادا کیا تھا۔ اس معاہدے کو ادارے کی بڑی کامیابی قرار دیا جا رہا تھا۔

پولیس ذرائع کے مطابق، ابتدائی شواہد سے واقعہ لینڈ مافیا کی جانب سے کی گئی ٹارگٹ کلنگ معلوم ہوتا ہے۔ مقتول کو حالیہ دنوں میں اہم سرکاری اراضی کے معاملات میں متعدد بار دھمکیوں کا سامنا بھی رہا تھا، تاہم اس حوالے سے حتمی رائے تحقیقاتی عمل مکمل ہونے کے بعد دی جائے گی۔

مقتول افسر کے ساتھیوں، سرکاری ملازمین اور شہری حلقوں کی جانب سے احسان الٰہی کے قتل پر شدید افسوس کا اظہار کیا گیا ہے اور مطالبہ کیا گیا ہے کہ اس واقعے کی اعلیٰ سطح پر غیرجانبدارانہ تحقیقات کی جائیں اور ملوث عناصر کو قرار واقعی سزا دی جائے۔

Comments are closed.