سہیل آفریدی کی وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نامزدگی پر خیبر میں آتشبازی، کارکنان کا جشن

سہیل آفریدی کی وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نامزدگی پر خیبر میں آتشبازی، کارکنان کا جشن

پشاور

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما سہیل آفریدی کی وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے طور پر نامزدگی پر خیبر کے تاریخی باب کے مقام پر آتشبازی کا شاندار مظاہرہ کیا گیا، جس میں پی ٹی آئی کے کارکنان نے بھرپور خوشی کا اظہار کیا۔

کارکنان کا کہنا تھا کہ سہیل آفریدی کی وزیراعلیٰ نامزدگی پورے خیبر کے لیے ایک اعزاز ہے اور یہ تحریک انصاف کے کارکنوں کے لیے فخر کا لمحہ ہے۔ انہوں نے اس کامیابی کا سہرا عمران خان کے وژن اور قیادت کے سر باندھتے ہوئے کہا کہ یہ پی ٹی آئی کے ورکر کی محنت کا نتیجہ ہے، جس نے ابتدا میں الیکشن میں ٹکٹ حاصل کیا، پھر مشیر اور وزیر کے طور پر خدمات انجام دیں، اور اب وزیراعلیٰ بننے کی منزل تک پہنچے۔

سہیل آفریدی کا تعلق ضلع خیبر سے ہے اور وہ انصاف اسٹوڈنٹس فیڈریشن کے صوبائی صدر رہ چکے ہیں۔ انہوں نے 2024 کے عام انتخابات میں ضلع خیبر سے رکن صوبائی اسمبلی منتخب ہو کر اپنی سیاسی سفر کا آغاز کیا۔ حالیہ صوبائی کابینہ میں تبدیلی کے بعد انہیں صوبائی وزیر برائے اعلی تعلیم بنایا گیا تھا، اور اب انہیں وزیراعلیٰ کے طور پر نامزد کیا گیا ہے۔

اس موقع پر علی امین گنڈا پور نے وزیراعلیٰ کے عہدے سے استعفیٰ دیتے ہوئے عمران خان کی قیادت کے تحت سہیل آفریدی کو مکمل حمایت دینے کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ سہیل آفریدی کی وزیراعلیٰ کے طور پر کامیابی کی دعا گو ہیں اور پارٹی پالیسی کے مطابق ایک ہو کر آگے بڑھیں گے۔

سہیل آفریدی کی وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے طور پر نامزدگی پر پی ٹی آئی کے کارکنوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے، اور ان کی قیادت میں صوبے کی ترقی اور عوامی خدمت کی امیدیں وابستہ کی جا رہی ہیں۔

Comments are closed.