ایف آئی اے میں ناقص تفتیش و غفلت پر پانچ اہلکار برطرف

ایف آئی اے میں ناقص تفتیش و غفلت پر پانچ اہلکار برطرف

ڈی جی ایف آئی اے کا احتسابی اقدام، کرپشن و بدنظمی کے خلاف سخت ایکشن

اسلام آباد

شمشاد مانگٹ

ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے رفعت مختار راجہ کی جانب سے ایف آئی اے ہیڈکوارٹرز میں اردلی روم کا انعقاد کیا گیا، جس میں محکمانہ نظم و ضبط کی خلاف ورزی، ناقص تفتیش، اور غفلت جیسے سنگین معاملات پر اہلکاروں کے خلاف کارروائی کی گئی۔

اردلی روم میں کیے گئے فیصلے کے مطابق، چار سب انسپکٹرز اور ایک لوئر ڈویڑن کلرک (ایل ڈی سی) کو ملازمت سے برطرف کر دیا گیا۔ ان اہلکاروں کا تعلق اسلام آباد، فیصل آباد اور لاہور زون سے تھا۔

ڈی جی ایف آئی اے نے واضح کیا کہ غفلت، لاپروائی اور بدنیتی پر مبنی تفتیش کے حامل اہلکار ایف آئی اے جیسے حساس ادارے میں کام کرنے کے اہل نہیں۔انہوں نے کہا کہ کرپشن، بدعنوانی اور غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث عناصر کے خلاف سخت انضباطی کارروائیاں جاری رہیں گی۔

ڈی جی رفعت مختار راجہ نے اس موقع پر ادارے میں شفافیت اور پیشہ ورانہ نظم و ضبط کو یقینی بنانے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ محکمانہ احتساب کا بنیادی مقصد ادارے کو ان کالی بھیڑوں سے پاک کرنا ہے جو ایف آئی اے کی ساکھ کو نقصان پہنچا رہی ہیں۔ صرف سخت احتسابی عمل ہی انسانی سمگلنگ، کرپشن اور دیگر جرائم کا موثر تدارک ممکن بنا سکتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ آئندہ بھی غفلت برتنے والے افسران و اہلکاروں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا اور سزا و جزا کا عمل شفاف طریقے سے جاری رکھا جائے گا

Comments are closed.